کئی بیماریوں کا سامنا کر رہی ہوں: بیلا حدید

امریکی سپر ماڈل بیلا حدید—فائل فوٹو 

امریکی سپر ماڈل بیلا حدید نے اپنی صحت سے متعلق مشکلات پر خاموشی توڑتے ہوئے بتایا ہے کہ میں بیک وقت کئی بیماریوں کا سامنا کر رہی ہوں، جس کے باعث روزمرہ زندگی اور پیشہ ورانہ سرگرمیاں متاثر ہوتی ہیں۔

فیشن میگزین ہارپرز بازار کو دیے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں 30 سالہ ماڈل نے لائم ڈیزیز، پوسٹل آرتھواسٹیٹک ٹیکی کارڈیا سنڈروم (POTS)، پری مینسٹرول ڈسفورک ڈس آرڈر (PMDD) اور اینڈومیٹریوسس سے متعلق اپنے تجربات شیئر کیے ہیں۔

بیلا حدید کا کہنا ہے کہ میرا جسم بعض اوقات دماغ کے ساتھ ہم آہنگ نہیں رہتا اور صحت کی ایسی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جو جسم پر گہرے اثرات مرتب کرتی ہیں۔

وکٹوریہ سیکرٹ کی ماڈل نے ایک فیشن شو کے دوران پیش آنے والے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ریمپ پر اپنے پہلے لباس میں واک کرنے سے قبل جب بیک اسٹیج پر جسم کو کھینچنے کی ورزش کر رہی تھی تو اچانک میرے سینے کی ہڈی کے قریب تکلیف شروع ہو گئی، سانس لینے میں دشواری ہوئی اور ایسا محسوس ہوا جیسے پھیپھڑے تقریباً بیٹھ گئے ہوں۔

بیلا حدید کے مطابق میں ریمپ پر پراعتماد انداز میں چلنے کی صلاحیت رکھتی ہوں، تاہم میرا جسم ہمیشہ ساتھ نہیں دیتا، بعض اوقات خود کو بالکل بہتر محسوس کرتی ہوں لیکن اچانک طبیعت خراب ہو جاتی ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب مجھے اس کی توقع نہیں ہوتی۔

ماڈل کا کہنا ہے کہ اب میں یہ سمجھ چکی ہوں کہ ہر وقت خود کو کام کے لیے مجبور کرنے کے بجائے ضرورت پڑنے پر آرام کرنا بھی ضروری ہے، مجھے یہ تسلیم کرنے میں کوئی حرج محسوس نہیں ہوتا کہ بعض دن میرا جسم مزید کام کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔

دوسری جانب ذاتی زندگی کے حوالے سے بیلا حدید ان دنوں کولوراڈو سے تعلق رکھنے والے کاؤ بوائے اور تعمیراتی منصوبوں کے منتظم نیتھن لیسی کے ساتھ تعلقات کے باعث بھی خبروں میں ہیں۔

رپورٹس کے مطابق دونوں 7 نومبر کو کولوراڈو ایوالانچ کی ہاکی ٹیم کے میچ میں ایک ساتھ نظر آئے تھے، جبکہ 10 نومبر کو بیلا حدید نے انسٹاگرام پر تصاویر شیئر کر کے بظاہر اپنے تعلقات کو بھی ظاہر کیا۔

یاد رہے کہ بیلا حدید جنوری 2026ء میں اپنے سابق ساتھی ایڈن بینولوس سے علیحدگی کے بعد نیتھن لیسی کے ساتھ دیکھی جا رہی ہیں۔