عالمی فٹبال کی گورننگ باڈی فیفا نے سائبر حملے کی تصدیق کر دی، غیر مجاز افراد نے ادارے کی محدود ذاتی اور کاروباری معلومات تک رسائی حاصل کی۔
فیفا کے مطابق سائبر حملے کا انکشاف جمعرات 26 نومبر کو کیا گیا، تاہم ادارے نے یہ واضح نہیں کیا کہ حملہ کب ہوا اور کتنے افراد کا ڈیٹا متاثر ہوا؟
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ سائبر حملے سے فیفا کے مجموعی ڈیٹا کا 0.1 فیصد سے بھی کم حصہ متاثر ہوا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ہیکرز نے فیفا کے سافٹ ویئر میں تکنیکی خامی کا فائدہ اٹھانے کے بجائے ادارے کے ملازمین کا روپ دھار کر رسائی حاصل کی۔
ہینڈسم بوائے ہیکنگ کلب نامی ہیکرز گروپ نے سوشل میڈیا پر سائبر حملے کی ذمے داری قبول کرتے ہوئے گزشتہ ہفتے اندرونی دستاویزات کے اسکرین شاٹس جاری کیے تھے، گروپ نے 12 گیگا بائٹس سے زائد ڈیٹا چوری کرنے کا دعویٰ بھی کیا۔
ہیکرز کے مطابق چوری شدہ فائلوں میں اعلیٰ حکام کی تفصیلات، مالی ریکارڈ، قانونی دستاویزات اور امیگریشن سے متعلق کاغذات شامل ہیں، تاہم فیفا نے ان دعوؤں کی تصدیق نہیں کی۔
ذرائع کے مطابق فیفا کے منسوخ کیے گئے ورلڈ کپ کمرشل رائٹس منصوبے سے متعلق دستاویزات اس سائبر حملے سے متاثر نہیں ہوئیں۔
فیفا نے نجی معلومات کی چوری اور ان کی آن لائن تشہیر کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے رازداری کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
ادارے کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات اور نقصان پر قابو پانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سائبر سیکیورٹی حکام کے ساتھ مل کر کام کیا جا رہا ہے۔