بھارتی کامیڈین اور یوٹیوبر سمے رائنا نے یوٹیوب پر ایک بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا، وہ دنیا بھر میں یوٹیوب پر 10 لاکھ چینل ممبرز حاصل کرنے والے پہلے تخلیق کار بن گئے ہیں۔
گوگل انڈیا بلاگ پر جاری بیان کے مطابق سمے رائنا نے اپنے منفرد انداز اور پروگرام ’’انڈیاز گوٹ لیٹنٹ‘‘ کے ذریعے لاکھوں ناظرین کو اپنے چینل سے جوڑا۔
سمے رائنا کے یوٹیوب پر اس وقت 12.4 ملین سبسکرائبرز ہیں۔ جون 2026 میں ہی بھارت میں 12 لاکھ سے زائد صارفین نے کم از کم ایک یوٹیوب چینل کی ممبرشپ خریدی، جبکہ بھارتی تخلیق کاروں کی ممبرشپ سے آمدن میں سالانہ بنیاد پر 25 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا۔
سمے رائنا نے 2025 میں اپنے شو ’’انڈیاز گوٹ لیٹنٹ‘‘ میں ہونے والے تنازع کے بعد پروگرام کی تمام اقساط یوٹیوب سے ہٹا دی تھیں۔ تنازع اس وقت شروع ہوا جب یوٹیوبر رنویر الہٰ آبادیا نے پروگرام کی ایک قسط میں والدین اور غیر اخلاقی تعلقات سے متعلق متنازع جملہ کہا، جس پر شدید ردعمل سامنے آیا اور سمے رائنا سمیت پروگرام سے وابستہ افراد کے خلاف پولیس شکایات اور مقدمات درج ہوئے۔
بعد ازاں سمے رائنا نے اپنے کامیڈی شو ’’اسٹل الائیو‘‘ کے ذریعے 2026 میں واپسی کی اور ’’انڈیاز گوٹ لیٹنٹ‘‘ کے دوسرے سیزن کا بھی آغاز کیا، جو یوٹیوب اور نیٹ فلکس پر نشر کیا گیا۔
پروگرام کے دوسرے سیزن کی اختتامی قسط میں سمے رائنا نے انکشاف کیا کہ تنازع کے بعد وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہوگئے تھے اور کینیڈا میں قیام کے دوران چیٹ جی پی ٹی سے بھی پوچھتے تھے کہ ان کا شو دوبارہ کب شروع ہوسکے گا۔