بالی ووڈ کے معروف اداکار پنکج ترپاٹھی کا کہنا ہے کہ حقیقی محبت کی کہانیاں 30 سے 35 سال کی عمر کے بعد شروع ہوتی ہیں، جب کہ اس سے پہلے کے بیشتر رومانوی تعلقات محض جسمانی کشش کا نتیجہ ہوتے ہیں۔
پنکج ترپاٹھی نے محبت اور رومانوی رشتوں کے حوالے سے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے خیال میں نوعمری کی محبت کی کہانیاں دراصل محبت سے زیادہ جسمانی کشش کی کہانیاں ہوتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حقیقی محبت کو سمجھنے کے لیے زندگی کا تجربہ، پختگی اور ایک دوسرے کو سمجھنے کی صلاحیت ضروری ہے۔
بھارتی اداکار نے کہا کہ میں فلموں میں ایسی کہانیاں پیش کرنا چاہتا ہوں جو مجھے خود بھی دیکھنا پسند ہوں اور جن کا حصّہ بننے میں مجھے خوشی محسوس ہو۔
انہوں نے اپنی نئی فلم ’پریوارک منورنجن‘ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ فلم ایک پختہ عمر کے شخص کی محبت کی کہانی ہے، جس میں محض جسمانی کشش کے بجائے حقیقی محبت اور جذباتی وابستگی کو زیادہ اہمیت دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ پنکج ترپاٹھی حال ہی میں اداکارہ ادیتی راؤ حیدری کے ساتھ فلم ’پریوارک منورنجن‘ میں نظر آئے ہیں، جو کہ 13 نومبر کو سونی لائیو پر ریلیز ہوئی۔
اس فلم میں اداکار نے لکھنؤ میں رہنے والے ایک ادھیڑ عمر تنہا شخص رنجن دوبے کا کردار ادا کیا ہے، جبکہ ادیتی راؤ حیدری نے ہیلن کا کردار ادا کیا ہے، جو کہ ان کے گھر میں ملازمت اختیار کرتی ہے، دونوں کے درمیان وقت کے ساتھ ایک غیر معمولی رومانوی تعلق پروان چڑھتا ہے۔