شادی میں عاطف اسلم و ہنی سنگھ کا گانوں پر رقص

—تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

پاکستانی گلوکار عاطف اسلم اور بھارتی ریپر یو یو ہنی سنگھ دبئی میں ایک شادی کی تقریب میں ایک ساتھ نظر آئے، جس کی تصاویر و ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔

دونوں فنکاروں نے پاکستانی مقبول گانوں پر رقص کر کے تقریب کو یادگار بنا دیا۔

ویڈیوز میں عاطف اسلم اور ہنی سنگھ کو ایک دوسرے سے گرم جوشی سے ملتے اور شادی کی تقریبات سے لطف اندوز ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ عاطف اسلم نے اپنے موسیقی کے سفر کا آغاز پاکستانی بینڈ ’جل‘ کے مرکزی گلوکار کی حیثیت سے کیا تھا، جس کی بنیاد انہوں نے گوہر ممتاز کے ساتھ رکھی تھی، بینڈ کا گانا ’عادت‘ عاطف اسلم کی پہچان بنا، جس کے بعد انہوں نے 2004ء میں اپنا پہلا سولو البم ’جل پری‘ ریلیز کیا۔

دوسری جانب ہنی سنگھ، جن کا اصل نام ہردیش سنگھ ہے، انہوں نے موسیقی کے پروڈیوسر کی حیثیت سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور بعد ازاں بھارت کے معروف ریپرز اور گلوکاروں میں شمار ہوئے۔

2011ء میں ریلیز ہونے والے ان کے البم ’انٹرنیشنل ولیجر‘ نے انہیں وسیع شہرت دلائی، اس البم کے گانے ’براؤن رنگ‘ اور ’انگریزی بیٹ‘ بھی بے حد مقبول ہوئے، ہنی سنگھ پنجابی موسیقی اور ہپ ہاپ کے امتزاج کے حوالے سے بھی پہچانے جاتے ہیں۔