ورزش ہڈیوں کیلئے اتنی مؤثر نہیں جتنی عام طور پر سمجھی جاتی ہے: تحقیق

—فائل فوٹو

ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ وزن اٹھانے کی ورزش، چہل قدمی اور حتیٰ کہ ہلکی دوڑ جیسی سرگرمیاں ہڈیوں کو مضبوط بنانے کے لیے اتنی مؤثر نہیں جتنی عام طور پر سمجھی جاتی ہیں۔

عام طور پر خیال کیا جاتا ہے کہ جسمانی سرگرمی اور ورزش عمر بڑھنے کے ساتھ ہڈیوں کو صحت مند رکھنے کا مؤثر ترین طریقہ ہے۔

ورزش سے آسٹیوپوروسس (ہڈیوں کے بھربھرے پن) اور پٹھوں کی کمزوری جیسے مسائل کا خطرہ کم کرنے کے علاوہ جسمانی توازن اور نقل و حرکت برقرار رکھنے میں بھی مدد ملتی ہے تاہم حالیہ تحقیق میں اس کے برعکس نتائج سامنے آئے ہیں۔

سیملوائس یونیورسٹی کے محققین نے دریافت کیا ہے کہ ایسی شدید جسمانی سرگرمیاں جن میں اچانک تیز حرکات، سمت کی تبدیلی اور فوری طور پر مڑنے جیسی مشقیں شامل ہوں، ہڈیوں کی نئی بافتوں کی تشکیل کو تحریک دینے میں زیادہ مؤثر ثابت ہوتی ہیں۔

اسپورٹس میڈیسن اوپن نامی جریدے میں شائع ہونے والی اس تحقیق میں شامل مختلف سرگرمیوں میں فٹ بال اور ہینڈ بال نمایاں رہیں، ان کھیلوں سے جسم میں ہڈیاں مضبوط اور نئی ہڈیان بنانے والے اجزاء میں 46 فیصد تک اضافہ ہوا، جس سے پتہ چلتا ہے کہ یہ کھیل ہڈیوں کی صحت کے لیے خصوصی طور پر مفید ہو سکتے ہیں۔

اس کے برعکس چہل قدمی، ایروبکس اور جم میں کی جانے والی وزن اٹھانے کی ورزشیں ان کھیلوں کے مقابلے میں کم مؤثر ثابت ہوئیں اور ان کے نتیجے میں جسمانی ردِعمل بھی نسبتاً کم دیکھنے میں آیا، یہ نتائج محققین کے لیے بھی حیران کن تھے۔

سیملوائس یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی کی طالبہ اور تحقیق کی مرکزی مصنفہ وکٹوریا بارنا نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سب سے زیادہ حیران کن بات یہ تھی کہ ویٹ ٹریننگ (وزن اٹھانے والی ورزش) سے ہڈیاں بننے اور مضبوط ہونے کے عمل پر کوئی خاص اثر نہیں پڑا، حالانکہ صحت سے متعلق کئی پیشہ ورانہ رہنما اصول ہڈیوں کی صحت برقرار رکھنے کے لیے اس قسم کی ورزش کی سفارش کرتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ اسی طرح کم یا درمیانی شدت کی برداشت پر مبنی ورزشیں، مثلاً چہل قدمی یا ہلکی دوڑ بھی طویل مدت میں کوئی قابلِ ذکر اثر ظاہر نہ کر سکی، تاہم اس کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ چہل قدمی، دوڑ یا وزن اٹھانے کی ورزشوں کو روزمرہ معمول سے خارج کر دیا جائے بلکہ چہل قدمی، دوڑ اور ڈمبلز اٹھانے والی ورزشیں ہڈیوں اور پٹھوں کی صحت کے ساتھ ساتھ دل اور جسم کے میٹابولزم کے لیے مفید ہیں۔

تحقیق کے مطابق اہم بات یہ نہیں کہ آپ کون سی ورزش کرتے ہیں بلکہ یہ ہے کہ اسے کس انداز میں انجام دیتے ہیں۔


نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے، صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔