لاہور میں بڑھتی فضائی آلودگی کے خلاف سپر گرلز آن بائیک میدان میں آ گئیں۔
خواتین سائیکلسٹس نے ڈی ایچ اے سے جلو تک تقریباً 41 کلو میٹر سائیکلنگ کر کے ناصرف اسموگ کے خلاف آگاہی مہم چلائی بلکہ فضائی آلودگی کا سبب بننے والے بھٹوں کی نشاندہی بھی کی۔
لاہور کی فضاؤں میں بڑھتی آلودگی اور اسموگ کے خلاف منفرد انداز میں آواز بلند کی جا رہی ہے، سپر گرلز آن بائیک کی خواتین سائیکلسٹس نے صبح ساڑھے 6 بجے ڈی ایچ اے سے اپنے سفر کا آغاز کیا اور جلو کے علاقے تک تقریباً 41 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔
اس سائیکلنگ مہم کا مقصد شہریوں میں فضائی آلودگی کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا اور آلودگی کا باعث بننے والے بھٹوں کی نشاندہی کرنا ہے۔
خواتین سائیکلسٹس کا کہنا ہے کہ لاہور میں بڑھتی آلودگی صرف ماحولیاتی مسئلہ نہیں بلکہ شہریوں کی صحت اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کا بھی سوال ہے، اس لیے صاف فضا کے لیے یہ جدوجہد جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا ہے کہ آلودگی پھیلانے والے عوامل کی نشاندہی کی جائے گی تاکہ ان کے خلاف اقدامات ہوں، شہری صحت مند فضا میں سانس لیں اور اچھی سائیکلینگ کر سکیں۔