پی سی بی کا پی ایس ایل 12 کیلئے کھلاڑی کی نیلامی تقریب کی تاریخ کا اعلان

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 12 ویں ایڈیشن کےلیے کھلاڑیوں کی نیلامی کی تقریب کی تاریخ کا اعلان کردیا۔

پی سی بی کے اعلامیے کے مطابق پی ایس ایل 12 کے لیے کھلاڑیوں کی نیلامی 23 جنوری کو ہوگی ، فرنچائز کےلیے کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے کی آخری تاریخ 13 جنوری مقرر کی گئی ہے۔

پی سی بی اعلامیے کے مطابق سیزن 12 کا افتتاحی میچ پشاور میں ہوگا جبکہ ایونٹ کا مکمل شیڈول آئندہ چند ہفتوں میں جاری کردیا جائے گا۔

اعلامیے کے مطابق ہر فرنچائز براہ راست سائن کیے گئے کھلاڑیوں سمیت زیادہ سے زیادہ 7 کھلاڑیوں کو برقرار رکھ سکیں گی۔

پی سی بی اعلامیے کے مطابق7 کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے والی فرنچائز کو گزشتہ نیلامی کی سب سے مہنگی کیٹیگری سے ایک کھلاڑی ریلیز کرنا ہوگا۔

اعلامیے کے مطابق فرنچائزز کو پی ایس ایل کے گزشتہ 2 ایڈیشنز میں نہ کھیلنے والے کسی ایک کھلاڑی سے براہ راست معاہدے کا اختیار دیا گیا تھا۔

پی سی بی نے پی ایس ایل 12 کےلیے ہر فرنچائز کی سیلری کیپ 45 کروڑ روپے مقرر کی ہے، نئی براہ راست سائننگ یا گزشتہ سیزن میں براہ راست سائن کیے گئے کھلاڑی کو برقرار رکھنے پر سیلری کیپ 50 کروڑ 50 لاکھ روپے تک ہوسکے گی، ہر فرنچائز کیلئے کھلاڑیوں پر کم از کم 36 کروڑ 50 لاکھ روپے خرچ کرنا لازمی ہوگا۔