محض کامیابی کے امکانات کی بنیاد پر فلموں کا انتخاب نہیں کرتا: آیوشمان کھرانہ

تصویر سوشل میڈیا۔

بالی ووڈ اداکار آیوشمان کھرانہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے کبھی بھی محض باکس آفس پر کامیابی کے امکانات کی بنیاد پر فلموں کا انتخاب نہیں کیا۔

اپنی نئی فلم یہ پریم مول لیا کی تشہیر کے دوران چندی گڑھ سے تعلق رکھنے والے 42 سالہ آیوشمان کھرانہ نے بتایا کہ وہ ایسی کہانیوں سے دور رہنے کو ترجیح دیتے ہیں جو ان کے ذاتی نظریات سے مطابقت نہ رکھتی ہوں، بالخصوص ایسی جن میں غیر صحت مند تعلقات کو قابل تعریف بنا کر پیش کیا جاتا ہے۔

بھارتی میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ سینما میں محبت کی مشکل اور پیچیدہ کہانیاں ضرور دکھائی جا سکتی ہیں، تاہم زہریلے رویوں کو قابل تحسین یا قابل تقلید نہیں بنانا چاہیے۔

آیوشمان کھرانہ نے کہا کہ انہوں نے کبھی بھی کسی فلم کا انتخاب صرف اس بنیاد پر نہیں کیا کہ وہ باکس آفس پر کامیاب ہو سکتی ہے۔ ہمیشہ اپنی اقدار سے مطابقت نہ رکھنے والی ممکنہ سپر ہٹ فلمیں بھی مسترد کیں۔ 

اس سوال پر کہ کیا بالی ووڈ میں محبت اور رومانس کی عکاسی بعض اوقات انہیں پریشان کرتی ہے؟ آیوشمان نے کہا کہ مختلف طرح کی فلموں اور مختلف ذوق رکھنے والے ناظرین کے لیے گنجائش موجود ہے، تاہم غیر صحت مند محبت کے سنگین نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں جن فلموں کا وہ انتخاب کریں ان کے ذریعے درست پیغام دیا جائے، کسی زہریلے رویے کے حامل کردار کو مثالی رومانوی ساتھی کے طور پر پیش نہیں کیا جانا چاہیے۔ یہ ان کی اہم ذمہ داریوں میں سے ایک ہے۔

اداکار کا کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں کہ میں نے اب تک جس نوعیت کی فلمیں کی ہیں، ان کا پیغام درست ہونا چاہیے اور زہریلے رویے کا مظاہرہ کرنے والے شخص کو منفی کردار کے طور پر پیش کیا جانا چاہیے۔ 

انہوں نے کہا کہ بطور فنکار یہ وہ بنیادی اصول ہیں جن پر میرا یقین ہے۔ لیکن جیسا کہ میں نے کہا، ہر طرح کی فلموں کے لیے جگہ موجود ہے اور ہر کسی کی اپنی پسند ہے۔ یہ میری پسند نہیں، لیکن ایسے اداکار بھی ہیں جو اس طرح کی فلمیں کرنا چاہتے ہیں اور ان کے لیے ایک بہت بڑی ناظرین کی تعداد موجود ہے۔