شردھا کپور 8 کلو وزنی گھنگرو پہن کر ڈانس کرنے کی وجہ سے زخمی ہوئیں: ہدایتکار کا انکشاف

بھارتی اداکارہ شردھا کپور — فائل فوٹو 

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ شردھا کپور نے اپنی آنے والی فلم ’ایٹھا‘ میں ایک معروف لوک فنکارہ کا کردار ادا کرنے کے لیے اتنی سخت محنت کی کہ سن کر مداح بھی حیران رہ گئے۔

ہدایتکار لکشمن اٹیکر نے پونے میں فلم کے گیت ’جی جی رے جی‘ کی رونمائی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ شردھا نے ہر گیت کے لیے 25 دن تک بھرپور تیاری کی، مسلسل 25 دن تک روزانہ 8 گھنٹے ڈانس کی پریکٹس کی اور اس دوران وہ 8 کلو وزنی گھنگرو بھی باندھتی تھیں۔

اُنہوں نے مزید بتایا کہ بھاری گھنگرو پہن کر کئی گھنٹے پریکٹس کرنے کے باعث اداکارہ کے پاؤں سوج جاتے تھے لیکن انہوں نے مہاراشٹر کے روایتی رقص’تماشا‘ اور ’لاونی‘ کی باریکیوں کو سمجھنے اور سیکھنے کے لیے اپنی پوری توجہ اس فن پر مرکوز رکھی۔

ہدایتکار نے بتایا کہ گانے کی شوٹنگ کے پہلے روز کام اچھا رہا لیکن دوسرے روز شردھا کے پٹھوں میں کھچاؤ آنے کے باعث چوٹ لگ گئی اور شوٹنگ روکنا پڑی۔

انہوں نےمزید بتایا کہ شوٹنگ رکنے سے زیادہ مجھے اس بات کا دکھ تھا کہ شردھا کپور کام جاری نہ رکھ پانے پر رو پڑی تھیں اور جلد از جلد شوٹنگ کے لیے سیٹ پر واپس آنا چاہتی تھیں۔ 

لکشمن اٹیکر نے بتایا کہ اداکارہ کو صحت یاب ہونے میں تقریباً 1 ماہ لگا اور پھر گانے کی شوٹنگ مکمل ہوئی۔

واضح رہے کہ فلم’ایٹھا‘مہاراشٹر کی مشہور فنکارہ ’وٹھابائی بھاؤ مانگ نارائن گاؤنکر‘ کی زندگی سے متاثر ہو کر بنائی گئی ہے۔

شردھا کپور فلم میں وٹھابائی کا کردار ادا کر رہی ہیں، جنہوں نے سماجی روایات اور مشکلات کے باوجود اپنے فن کے ذریعے نمایاں مقام حاصل کیا۔

فلم’ایٹھا‘ 4 دسمبر 2026ء کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔