ایک تحقیق کے مطابق گھنٹوں ٹی وی کے سامنے بیٹھے رہنے والے افراد میں گردوں کی بیماری کا خطرہ زیادہ ہوسکتا ہے۔ محققین کا مزید کہنا تھا کہ اس سے ٹائپ 2 ذیابیطس کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔
محققین کے مطابق روزانہ زیادہ وقت تک ٹی وی دیکھنے کا تعلق ایک دہائی سے زائد عرصے کے دوران گردوں کی کارکردگی میں تیزی سے کمی آنے سے ہے۔
ذیابیطس پر قابو نہ پانا اور ہائی بلڈ پریشر گردوں کی کارکردگی میں کمی کی سب سے عام وجوہات ہیں، تاہم عمر بڑھنے کے ساتھ بھی اس بیماری کا خطرہ نمایاں طور پر بڑھ جاتا ہے۔ اگرچہ اس بیماری کا علاج ممکن ہے، تاہم گردوں کی بیماری آخری مراحل میں پہنچنے کے بعد لاعلاج ہوجاتی ہے۔
اب آسٹریلیا کی سوئن برن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اور برطانیہ کی یونیورسٹی آف لیسٹر اور کیمبرج یونیورسٹی کے محققین کے مطابق جسمانی سرگرمیوں سے دور رہنے اور مسلسل بیٹھے رہنے کی عادت گردوں کی بیماری کا ایک نیا خطرہ ہے۔
محققین نے 25 سال سے زائد عمر کے 6 ہزار 200 سے زیادہ آسٹریلوی شہریوں میں ٹی وی دیکھنے کے دورانیے اور گردوں کی کارکردگی میں کمی کے درمیان تعلق کا جائزہ لیا۔
تحقیق کے دوران 12 سال تک شرکا کے گردوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا، ان سے ہفتے کے عام دنوں اور اختتامِ ہفتہ پر ٹی وی، ویڈیوز یا ڈی وی ڈیز دیکھنے کے دورانیے کے بارے میں پوچھا گیا۔ 12 سال کے دوران انکا روزانہ ٹی وی دیکھنے کا اوسط دورانیہ ایک گھنٹہ 46 منٹ سے بڑھ کر ایک گھنٹہ 55 منٹ ہوگیا۔
تحقیق میں معلوم ہوا کہ روزانہ سب سے زیادہ وقت ٹی وی دیکھنے والے افراد کے گردوں کی کارکردگی میں اوسطاً زیادہ تیزی سے کمی واقع ہوئی۔ جبکہ زیادہ دیر تک ٹی وی دیکھنے اور ٹائپ 2 ذیابیطس، دونوں میں مبتلا افراد کے گردوں کی کارکردگی میں سب سے زیادہ کمی دیکھی گئی۔
تحقیق کے مطابق روزانہ ٹی وی دیکھنے کے دورانیے میں ہر ایک گھنٹے کے اضافے کا تعلق پانچ سال کے عرصے میں گردوں کی کارکردگی میں سالانہ دو سے تین فیصد زیادہ تیزی سے کمی آنے سے تھا۔ روزانہ چار یا اس سے زیادہ گھنٹے ٹی وی دیکھنے والے افراد میں گردوں کی بیماری کا خطرہ سب سے زیادہ پایا گیا۔
محققین نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ اس تحقیق کے نتائج گردوں کی صحت پر حد سے زیادہ وقت بیٹھے رہنے کے مضر اثرات کے شواہد کو مزید مضبوط کریں گے، خصوصاً ان افراد کے حوالے سے جو ٹائپ 2 ذیابیطس میں مبتلا ہیں یا جسمانی طور پر غیر فعال ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تحقیق اس اہمیت کو اجاگر کرتی ہے کہ لوگوں کو جسمانی سرگرمیوں کے رہنما اصولوں پر عمل کرنا چاہیے۔