بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کرینہ کپور نے اعتراف کیا ہے کہ مجھے تقریباً 75 فلموں میں کام کرنے کے باوجود بھی مداح سب سے زیادہ فلم ’کبھی خوشی کبھی غم‘ کے مشہور کردار ’پو‘ کے نام سے یاد رکھتے ہیں۔
کرینہ کپور نے یہ بات فلم کی ریلیز کے 25 سال مکمل ہونے پر منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں کہی، جہاں فلم کے ہدایت کار کرن جوہر بھی موجود تھے۔
انہوں نے بتایا کہ آج بھی مداح مجھ سے ملتے ہیں تو بتاتے ہیں کہ یہ فلم 20 سے 25 مرتبہ دیکھی ہے۔
بھارتی اداکارہ کا کہنا ہے کہ میں نے اپنے فلمی کیریئر میں اب تک تقریباً 75 فلموں میں کام کیا ہے لیکن کسی دوسری فلم کے لیے مجھے مداحوں کی جانب سے اتنی محبت اور پذیرائی نہیں ملی۔
انہوں نے بتایا کہ فلم کی مقبولیت کی ایک بڑی وجہ اس میں دکھائے گئے خاندانی رشتے، محبت، دوستی اور اپنائیت کے جذبات ہیں۔
کرینہ کپور نے بتایا کہ کرن جوہر کی فلموں کی خاص بات یہ ہے کہ وہ خاندان اور رشتوں کو خوبصورتی سے پیش کرتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ اور ’کبھی خوشی کبھی غم‘ جیسی فلمیں کئی نسلوں کے ناظرین کو آج بھی متاثر کرتی ہیں۔
انہوں نے اپنے مشہور کردار پوجا شرما عرف ’پو‘ کے حوالے سے کرن جوہر کو بھی کریڈٹ دیا۔
بھارتی اداکارہ نے بتایا کہ میں نے فلم میں ہدایت کار کی ہدایات پر عمل کیا تھا، میں پہلے کبھی اس انداز میں گفتگو نہیں کرتی تھی، لیکن کرن جوہر نے مجھے کردار کے مکالمے بولنے اور مخصوص انداز اپنانے کا طریقہ سمجھایا۔
واضح رہے کہ فلم ’کبھی خوشی کبھی غم‘ 14 دسمبر 2001ء کو ریلیز ہوئی تھی۔
کرن جوہر کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں کرینہ کپور کے علاوہ امیتابھ بچن، جیا بچن، شاہ رخ خان، کاجول، ہریتھک روشن نے بھی اہم کردار ادا کیے تھے۔