بالی ووڈ کے معروف اداکار عمران ہاشمی اور مشہور موسیقار و گلوکار ہمیش ریشمیا کو21 سال بعد ایک بار پھر ساتھ دیکھ کر ان کی کامیاب فلموں اور مقبول گانوں کی یادیں تازہ ہو گئیں۔
عمران ہاشمی اور گلوکار ہمیش ریشمیا بھارت کے مشہور ریئلٹی شو ’انڈین آئیڈل لیجنڈز ریٹرن‘ میں ایک ساتھ نظر آئے، جہاں انہوں نے اپنے طویل فنی سفر، پرانی یادوں اور نئی فلم ’گن ماسٹر جی 9‘ کے حوالے سے گفتگو کی۔
عمران ہاشمی نے ہمیش ریشمیا کے ساتھ اپنی 21 سالہ وابستگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اب فلمیں بدل گئیں، گانے بدل گئے اور ہم دونوں بھی پہلے جیسے نہیں رہے، لیکن مداحوں کی محبت آج بھی برقرار ہے۔
انہوں نے اپنی فلموں کے مقبول گانوں کا کریڈٹ خود لینے کے بجائے ہمیش ریشمیا کو دیا۔
اداکار نے کہا کہ گانوں کی کامیابی میں ہمیش کا ہنر شامل ہے، مجھے تو صرف کیمرے کے سامنے اداکاری اور گانوں پر لپ سنکنگ کرنا ہوتی تھی۔
دوسری جانب ہمیش ریشمیا نے بھی عمران ہاشمی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ عمران کی خاص بات یہ ہے کہ وہ اپنی اداکاری کی طرح گانوں کو بھی اسکرین پر بہترین انداز میں پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چاہے گانا میرا اپنا ہو یا کسی دوسرے موسیقار کا ہو، عمران ہاشمی اپنی پرفارمنس سے اسے خاص بنا دیتے ہیں۔
ہمیش ریشمیا نے اپنی حالیہ موسیقی کا ذکر کرتے ہوئے فلم ’آوارہ پن‘ اور نئی فلم ’گن ماسٹر جی 9‘ کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔
انہوں نے بتایا کہ نئے گانے ’افسانہ بنایا آپ نے‘ کو ریلیز ہوئے ابھی دو دن بھی نہیں گزرے تھے کہ سوشل میڈیا پر اسے زبردست ردِعمل ملنے لگا۔
واضح رہے کہ عمران ہاشمی اور ہمیش ریشمیا کی یہ ملاقات ان کی نئی فلم ’گن ماسٹر جی 9‘ کی ریلیز سے قبل ہوئی ہے، جو 27 نومبر 2026ء کو سنیما گھروں کی زینت بننے والی ہے۔