انڈسٹری میں 6 سال ہوگئے، آڈیشن دیتے وقت آج بھی گھبراہٹ ہوتی ہے، بابیل خان

بالی ووڈ اداکار عرفان خان مرحوم کے بیٹے بابیل خان کا کہنا ہے کہ اگرچہ وہ فلموں کی شوٹنگ کے دوران اب پہلے سے زیادہ پراعتماد اور مطمئن محسوس کرتے ہیں، تاہم آڈیشن دینے کے مرحلے پر آج بھی گھبراہٹ کا شکار ہو جاتے ہیں۔

حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران 28 سالہ بابیل خان نے فلمی صنعت میں اپنے تجربات اور گزشتہ برسوں کے دوران آنے والی تبدیلیوں کے بارے میں گفتگو کی اور کسی کردار کے لیے آڈیشن دینے اور فلم کی شوٹنگ کے دوران کام کرنے کے فرق پر بات کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ سیٹ پر پہنچنے کے بعد ان کا اعتماد بڑھ جاتا ہے، لیکن آڈیشن کے وقت وہ اب بھی خوف محسوس کرتے ہیں۔

گفتگو کے دوران فلمی صنعت میں اپنے 6 سالہ سفر اور اس عرصے کے تجربات کو مختصر الفاظ میں بیان کرنے کے سوال پر بابیل خان نے کہا کہ ان کے سفر کا ایک بڑا حصہ اپنے والد کی میراث سے الگ اپنی شناخت بنانے اور بطور اداکار اپنا الگ انداز اور راستہ تلاش کرنے میں گزرا۔ 

انھوں نے کہا کہ میں ابھی بھی اپنی جگہ بنانے سے بہت دور ہوں۔ میں صرف یہ سمجھنے کی کوشش کر رہا ہوں کہ اپنی ہی دھن پر کیسے آگے بڑھنا ہے۔ اگر مجھے اپنے اس سفر سے حاصل ہونے والی سب سے بڑی چیز کو مختصر الفاظ میں بیان کرنا ہو تو وہ یہی ہوگی کہ اب میں اس کام سے لطف اندوز ہونا شروع ہوگیا ہوں۔ 

واضح رہے کہ بابیل خان نے فلمی صنعت میں اپنے کیریئر کا آغاز بطور کیمرا اسسٹنٹ اپنے والد عرفان خان مرحوم کی فلم قریب قریب سنگل سے کیا تھا۔ جس کے بعد انھوں نے 2022 میں انویتا دت کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم قلا سے اداکاری کا آغاز کیا۔ یہ فلم نیٹ فلیکس پر ریلیز ہوئی تھی۔

بعد ازاں وہ نیٹ فلیکس کی سیریز دی ریلوے مین میں بھی نظر آئے، جو 1984 کے بھوپال گیس سانحے پر مبنی تھی۔ اس کے علاوہ انہوں نے فلم فرائیڈے نائٹ پلان میں بھی اداکاری کی۔ اب وہ ملیالم فلم گاندھی بازار سنڈے مارکیٹ کے ذریعے ملیالم فلمی صنعت میں قدم رکھنے کے لیے تیار ہیں۔