معروف یو ٹیوبر آئی شو اسپیڈ 52 گھنٹے مسلسل ’جی ٹی اے 6‘ کھیلنے کے بعد رو پڑے

—فائل فوٹو 

معروف امریکی یوٹیوبر اور لائیو اسٹریمر آئی شو اسپیڈ ویڈیو گیم ’گرینڈ تھیفٹ آٹو 6‘ کی کہانی کا اختتام دیکھ کر جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور لائیو اسٹریم کے دوران زار و قطار رونے لگے۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق آئی شو اسپیڈ نے جی ٹی اے 6 کو تقریباً 52 گھنٹے مسلسل کھیلنے کے بعد مکمل کیا۔

انہوں نے 18 نومبر کو یوٹیوب اور ٹوئچ پر گیم کھیلنے کا آغاز کیا تھا اور ابتداء میں ان کا ارادہ روزانہ محدود وقت تک کھیلنے کا تھا تاکہ گیم کو جلد بازی میں مکمل کرنے کے بجائے بھرپور انداز میں انجوائے کیا جا سکے لیکن گیم کی کہانی میں دلچسپی بڑھنے کے باعث وہ مسلسل کھیلتے رہے۔

امریکی یوٹیوبر نے تقریباً 40 گھنٹے گیم کھیلنے کے بعد مرکزی کہانی کا 82 فیصد حصہ مکمل کر لیا تھا اور انہیں اختتام تک پہنچنے کے لیے مزید 12 گھنٹے درکار تھے۔

40 گھنٹے کھیلنے کے بعد آئی شو اسپیڈ کے پلے اسٹیشن 5 میں تکنیکی خرابی بھی پیش آئی، جس کے باعث گیم اچانک بند ہو گیا۔

گیم اچانک بند ہونے پر امریکی یوٹیوبر کو خدشہ تھا کہ ان کی کئی گھنٹوں کی محنت ضائع ہو گئی لیکن وہ آٹو سیو فیچر کی مدد سے دوبارہ اپنی پیش رفت بحال کرنے میں کامیاب رہے اور بالآخر تقریباً 52 گھنٹے31 منٹ کی مسلسل لائیو اسٹریم کے بعد انہوں نے گیم مکمل کر لیا۔ 

آئی شو اسپیڈ گیم کا اختتام اپنی توقعات کے برعکس نکلنے پر جذباتی ہو گئے اور بے اختیار رو پڑے۔