میگھن مارکل نے منگنی کی قیمتی انگوٹھی پہننا چھوڑ دی

برطانوی شاہی خاندان کی منحرف بہو و امریکی اداکارہ میگھن مارکل—فائل فوٹو 

برطانوی شاہی خاندان کی منحرف بہو و امریکی اداکارہ میگھن مارکل نے اپنی منگنی کی قیمتی انگوٹھی پہننا چھوڑ دی۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق میگھن مارکل کے منگنی کی انگوٹھی نہ پہننے کی وجہ سے ان کی نجی زندگی سے متعلق میڈیا اور سوشل میڈیا پر نئی بحث شروع ہو گئی۔

میگھن مارکل کی منگنی کی انگوٹھی آخری مرتبہ رواں سال فروری میں اس وقت دیکھی گئی تھی جب وہ اپنے شوہر شہزادہ ہیری کے ہمراہ کیلیفورنیا میں این بی اے آل اسٹار گیم دیکھنے گئی تھیں۔

گزشتہ کچھ عرصے کے دوران وہ متعدد عوامی تقریبات میں شادی کی انگوٹھی پہنے نظر آئیں لیکن منگنی کی انگوٹھی ان کے ہاتھ میں نظر  نہیں آئی۔

اس قیمتی انگوٹھی کی مالیت تقریباً 1 لاکھ 20 ہزار پاؤنڈز بتائی جاتی ہے۔

واضح رہے کہ میگھن مارکل کے لیے منگنی کی انگوٹھی کا ڈیزائن شہزادہ ہیری نے 2017ء میں خود تیار کروایا تھا، جس میں 3 ہیرے نصب ہیں۔

اس انگوٹھی کا مرکزی ہیرا افریقی ملک بوٹسوانا سے حاصل کیا گیا تھا جہاں ان دونوں نے اپنے تعلق کے ابتدائی دنوں میں ایک ساتھ وقت گزارا تھا۔

انگوٹھی کے دونوں اطراف نصب چھوٹے ہیرے شہزادہ ہیری کی والدہ آنجہانی شہزادی ڈیانا کے جیولری کلیکشن سے لیے گئے تھے، جس کی وجہ سے یہ انگوٹھی میگھن کے لیے خاص جذباتی اہمیت رکھتی ہے۔

شہزادہ ہیری نے 2017ء میں لندن کے کینسنگٹن پیلس میں میگھن مارکل کو شادی کی پیشکش کی تھی۔ 

ان کی منگنی کا باضابطہ اعلان نومبر 2017ء میں کیا گیا تھا جس کے بعد دونوں نے پہلی مرتبہ ایک ساتھ انٹرویو بھی دیا تھا۔

میگھن مارکل کی جانب سے اب یہ انگوٹھی نہ پہننے پر مختلف قسم کی قیاس آرائیاں ہونا شروع ہو گئی ہیں، یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ اب وہ اپنی منگنی کے دن کو بھلانے کی کوشش کر رہی ہیں، لیکن انگوٹھی نہ پہننے کی اصل وجہ تاحال واضح نہیں ہو سکی۔