کیا ہالی ووڈ فلموں کے ہیرو کیلئے جیف بیزوس فیصلہ کریں گے؟

جیف بیزوس اور اہلیہ لارین سانچیز— فائل فوٹو  

دنیا کی امیر ترین کاروباری شخصیات میں شامل جیف بیزوس اور ان کی اہلیہ لارین سانچیز نے ہالی ووڈ میں اپنا اثر و رسوخ بڑھانے کی تیاری کر لی۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جیف بیزوس اور لارین سانچیز فلموں کے انتخاب، اداکاروں کی کاسٹنگ اور بڑے منصوبوں کی منظوری جیسے اہم فیصلوں میں کردار ادا کرنے کے خواہاں ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2022ء میں ایمیزون کے ذریعے تقریباً 8.45 ارب ڈالرز میں ایم جی ایم اسٹوڈیوز خریدنے کے بعد انہیں ہالی ووڈ کی ہزاروں فلموں اور مشہور جیمز بانڈ فرنچائز تک رسائی حاصل ہو گئی ہے لیکن اب یہ محض اسٹوڈیو کے مالک رہنے کے بجائے اس کے تخلیقی اور انتظامی فیصلوں میں بھی براہ راست حصّہ لینا چاہتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق جیف بیزوس فلمی منصوبوں اور اداکاروں کے انتخاب میں ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں، جبکہ ان کی اہلیہ لارین سانچیز بھی ہالی ووڈ کی دنیا میں سرگرم کردار ادا کرنے کے لیے خاصی پُرجوش ہیں۔

واضح رہے کہ جیمز بانڈ کے نئے کردار کے لیے اداکاروں کے انتخاب کے عمل میں بھی جیف بیزوس نے ذاتی دلچسپی لی ہے۔ 

انہوں نے 5 ممکنہ امیدواروں کے اسکرین ٹیسٹ خود دیکھے اور بالآخر برطانوی اداکار رابرٹ پیٹنسن کے انتخاب پر اتفاق کیا۔