بھارت کے خلاف میچ کا ہمیشہ انتظار رہتا ہے: حسن نواز

پاکستان شاہینز کے کھلاڑی حسن نواز—فوٹو بشکریہ رپورٹر

پاکستان شاہینز کے کھلاڑی حسن نواز نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف میچ کا ہمیشہ انتظار رہتا ہے، ایسے مقابلوں میں اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کرتا ہوں۔

بھارت اے کے خلاف شاندار آل راؤنڈر کارکردگی کے بعد گفتگو کرتے ہوئے حسن نواز نے کہا ہے کہ ہر میچ میں دباؤ ہوتا ہے لیکن چند گیندوں کے بعد سب نارمل ہو جاتا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ٹیم میٹنگ میں کھیل کو سادہ رکھنے کا منصوبہ بنایا تھا، تمام کھلاڑیوں نے کامیابی میں اہم کردار ادا کیا، کپتان کے اعتماد سے حوصلہ ملا، اب باقاعدگی سے بولنگ کی کوشش کروں گا۔

حسن نواز کا کہنا ہے کہ اہل خانہ کی دعاؤں اور شائقین کی حمایت کا شکر گزار ہوں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کے میچ میں پاکستان شاہینز نے بھارت اے کو 48 رنز سے شکست دی تھی، حسن نواز نے 79 رنز کی اننگز اور 3 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

پاکستان شاہینز کا آخری گروپ میچ 24 نومبر کو نیپال سے ہو گا۔