عبید اللّٰہ اور دامیہ خان نے نیشنل جونیئر اینڈ گرلز چیمپئن شپ کے بوائز انڈر19 اور ویمنز کا ٹائٹل جیت لیا۔ بوائز انڈر15 میں سندھ کے راحیل وکٹر اور انڈر11 میں سندھ کے ایم بن نسیم چیمپئن بن گئے۔
مبین جمانی نے فاتح میں انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان، سندھ اسکواش ایسوسی ایشن کے صدر عدنان اسد، سی ای او خیرپور شوگر ملز فراز مبین جمانی، آصف بروہی، سندھ اسکواش ایسوسی ایشن کے سیکریٹری نوید رحمان، ایم نسیم اور دیگر بھی موجود تھے۔
سندھ اسکواش ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام اور خیرپور شوگر ملز کے تعاون سے وینس جہانگیر خان اسکواش اکیڈمی کراچی میں ختم ہونے والی 8 لاکھ روپے مالیت کی انعامی رقم کی حامل چیمپئن شپ میں گزشتہ تمام چاروں کیٹیگریز کے فائنلز کھیلے گئے۔
بوائز انڈر19 کے فائنل میں کے پی کے عبید اللّٰہ نے نمبر دو سیڈ سندھ کے عدنان زمان کو 1-3 سے، ویمنز کے فائنل میں سندھ کی دامیہ خان نے سندھ ہی کی ویشنوی کو سخت مقابلے کے بعد 3-2 سے زیر کیا۔
بوائز انڈر15 کے فائنل میں سندھ کے راحیل وکٹر نے ٹاپ سیڈ کے پی کے فواد خان کو شکست دی۔
بوائز انڈر11 کے فائنل میں سندھ کے ایم بن نسیم نے سندھ کے ہی محمد ابان کو زیر کیا۔چیمپئن شپ میں ملک بھر سے کھلاڑیوں نے شرکت کی تھی۔