ماں بننے کے بعد زندگی اور فلموں میں کام کرنے کے انداز میں نمایاں تبدیلی آئی ہے: عالیہ بھٹ

—فائل فوٹو

بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ نے انکشاف کیا ہے کہ ماں بننے کے بعد پیشہ ورانہ زندگی اور فلموں میں کام کرنے کے انداز میں نمایاں تبدیلی آئی ہے۔

ٹائم 100 کو دیے گئے ایک انٹرویو میں عالیہ بھٹ نے فلموں سے اپنی محبت اور ماں کی ذمے داریوں کے درمیان توازن قائم رکھنے کے حوالے سے گفتگو کی۔

اداکارہ کا کہنا ہے کہ مجھے وہ کام کرنا پسند ہے جس سے مجھے محبت ہے اور ساتھ ہی ان لوگوں کا خیال رکھنا بھی ضروری ہے جن سے میں محبت کرتی ہوں۔

انہوں نے بتایا کہ ماں بننے کے بعد وہ اس حوالے سے زیادہ محتاط ہوگئی ہیں کہ اپنے پیشہ ورانہ منصوبوں کو کتنا وقت دینا ہے۔

2022 میں بیٹی کی پیدائش کے بعد عالیہ بھٹ نے اپنے کیریئر کے حوالے سے زیادہ سوچ سمجھ کر فیصلے کرنا شروع کردیے۔

 ان کا کہنا ہے کہ بچی کی پیدائش کے بعد جب میں نے دوبارہ فلموں میں کام کرنے کا فیصلہ کیا تو اسی وقت یہ واضح کردیا تھا کہ مہینے میں مخصوص دنوں سے زیادہ کام نہیں کرسکتی۔

عالیہ بھٹ نے کہا کہ اگر شوٹنگ کے دوران کسی خاص صورتِ حال، مثلاً مقام یا روشنی کے انتظامات کی وجہ سے وقت میں تبدیلی کی ضرورت پیش آئے تو میں تعاون کرنے کے لیے تیار ہوں، تاہم اس کا مطلب یہ نہیں کہ مناسب اوقات کار کو نظر انداز کردیا جائے۔

اداکارہ نے فلم سازی کے طریقہ کار کو مزید منظم بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ 

ان کے مطابق شوٹنگ کا واضح شیڈول اور کام کے مقررہ اوقات نا صرف پروڈکشن کو بہتر بناتے ہیں بلکہ فنکاروں کو اپنی پیشہ ورانہ اور گھریلو ذمے داریاں پوری کرنے میں بھی مدد دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وقت پر سیٹ پر پہنچنا، مقررہ وقت پر کام ختم کرنا اور دستیاب وقت میں بہتر انداز سے کام مکمل کرنا زیادہ مؤثر طریقہ ہے۔

عالیہ نے اعتراف کیا کہ پیشہ ورانہ حیثیت کے باعث پروڈیوسرز زیادہ تعاون کرتے ہیں، تاہم مناسب اوقات کار کی سہولت صرف کامیاب اور معروف اداکاروں تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ پوری فلم انڈسٹری میں اسے معمول بنایا جانا چاہیے۔