ڈراموں میں زبردستی شادی دکھانے کے رجحان سے اتفاق نہیں کرتی: انمول بلوچ

—فائل فوٹو

پاکستانی اداکارہ و ماڈل انمول بلوچ نے ڈراموں میں ہیرو اور ہیروئن کے درمیان زبردستی نکاح دکھانے کے رجحان پر اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔

انمول بلوچ کو شوبز انڈسٹری میں تقریباً ایک دہائی ہوچکی ہے۔ وہ اپنی خوبصورتی، فیشن سینس اور منفرد کرداروں کے انتخاب کے باعث مداحوں میں مقبول ہیں۔ اداکارہ نے حالیہ عرصے میں متعدد ڈرامہ سیریلز کے ذریعے مسلسل کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

حال ہی میں انمول بلوچ نے ایک شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے شوبز انڈسٹری کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی۔

ڈراموں میں زبردستی نکاح دکھانے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انمول بلوچ کا کہنا ہے کہ اس کی ایک وجہ یہ ہے کہ پاکستانی ڈراموں میں غیر شادی شدہ جوڑوں کے درمیان رومانوی تعلقات دکھانے کی اجازت نہیں ہوتی، اسی لیے کہانی میں زبردستی نکاح کو شامل کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ بعض اوقات ڈراموں میں ہیرو اور ہیروئن دونوں کو زبردستی شادی کے بندھن میں باندھ دیا جاتا ہے، جبکہ کچھ کہانیوں میں ہیروئن کی شادی کسی دوسرے شخص سے ہورہی ہوتی ہے لیکن عین وقت پر ہیرو آکر اس سے نکاح کرلیتا ہے اور یوں ہیروئن کو احساس ہوتا ہے کہ دراصل وہی اس کا ہم سفر ہے۔

انمول بلوچ نے مزید کہا ہے کہ میں خود بھی ڈراموں میں زبردستی شادی دکھانے کے اس رجحان سے اتفاق نہیں کرتی اور مجھے یہ پسند نہیں، تاہم کسی نہ کسی طرح یہ کہانی کا حصہ بن ہی جاتا ہے۔