بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان نے اپنی اور شردھا کپور کی فلموں کی ایک ساتھ ریلیز پر اداکارہ سے معذرت کرلی اور کہا کہ مجھے اس پر بہت افسوس ہے۔
واضح رہے کہ سلمان خان کی فلم ماتربھومی اور شردھا کپور کی ایتھا 4 دسمبر 2026 کو ریلیز ہونے والی ہیں۔
سلمان خان نے کہا ریلیز کی تاریخ ایک ہونے کا علم ہونے کے بعد انہوں نے ذاتی طور پر شردھا کپور کو فون کیا تھا۔
دونوں فلموں کے درمیان باکس آفس پر ممکنہ مقابلے کے حوالے سے ایک حالیہ تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ غیر ارادی تھا، جب انہیں معلوم ہوا کہ شردھا کپور کی فلم بھی اسی دن ریلیز ہو رہی ہے تو انہوں نے ذاتی طور پر شردھا کو فون کرکے معذرت کی۔
انکا کہنا تھا کہ جب ہم نے 4 دسمبر کی تاریخ کا اعلان کیا تو مجھے معلوم نہیں تھا کہ شردھا کی فلم بھی اسی دن ریلیز ہو رہی ہے۔ اگر پہلے معلوم ہوتا تو میں شردھا کی فلم کے ساتھ اپنی فلم ریلیز نہ کرتا۔
سلمان نے شردھا اور ان کے خاندان کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کا بھی ذکر کیا اور کہا میں نے انہیں بڑا ہوتے دیکھا ہے، شردھا نے انتہائی مثبت انداز میں میری بات کا جواب دیا اور کہا کہ دونوں فلموں کی ایک ہی دن ریلیز ہونے میں کوئی حرج نہیں کیونکہ دونوں فلموں کے لیے کافی گنجائش موجود ہے۔