ویڈیو گیم جی ٹی اے 6 کھیلتے وقت انسانی دماغ پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں؟

—فائل فوٹو

نئے گرینڈ تھیفٹ آٹو 6 گیم کی آمد محض اسکرین کے سامنے چند گھنٹے گزارنے تک محدود نہیں۔

لاکھوں کھلاڑی راک اسٹار گیمز کی وسیع اور حقیقت سے قریب تر ورچوئل دنیا میں کھو جانے کے لیے تیار ہیں، ایسے میں جی ٹی اے 6 کی ریلیز رواں سال کے سب سے بڑے تفریحی ایونٹس میں سے ایک ہونے کی توقع ہے۔

1997ء میں پہلی بار متعارف کرائے جانے والے اس ویڈیو گیم کی سیریز کا شمار تاریخ کی کامیاب ترین گیمنگ فرنچائزز میں ہوتا ہے، یہ سیریز اپنی وسیع کھلی دنیا، تیز رفتار تعاقب اور جرائم پر مبنی کہانیوں کے باعث خاصی مقبول ہے۔

اس سیریز کا نیا حصہ اپنے پچھلے گیم کی ریلیز کے 13 سال بعد سامنے آ رہا ہے، جبکہ مداحوں میں اس کی آمد کے حوالے سے جوش و خروش عروج پر پہنچ چکا ہے۔

جب کھلاڑی گیم کی ورچوئل دنیا میں کھو جانے کی تیاری کر رہے ہیں، تو سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ویڈیو گیمز کھیلتے وقت درحقیقت ہمارے دماغ میں کیا تبدیلیاں رونما ہوتی ہیں؟ اس کے علاوہ گھنٹوں تک ایک غیر حقیقی دنیا میں مصروف رہنے کے انسانی دماغ پر ممکنہ اثرات کیا ہو سکتے ہیں؟

سائنس دانوں نے 20 سال تک گیمرز کا مطالعہ کیا اور ان کی تحقیق کے گرینڈ تھیفٹ آٹو (جی ٹی اے) سے متعلق نتائج آپ کو حیران کر دیں گے۔

ری کاگنیشن ہیلتھ کے کنسلٹنٹ نیورولوجسٹ ڈاکٹر اسٹیو آلڈر نے ویڈیو گیمز کھیلنے کے دوران دماغ کے کون سے حصے متحرک ہوتے ہیں اور اس سرگرمی کے دماغی کیمیائی نظام پر قلیل اور طویل مدتی اثرات پر روشنی ڈالی۔

نیورولوجسٹ کے مطابق گیم کی نوعیت اور اس میں درکار مہارتوں کے لحاظ سے ویڈیو گیمز کھیلنے کے دوران دماغ کے کئی باہم مربوط حصے متحرک ہو سکتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ویڈیو گیمز کھیلنا ایک پیچیدہ ذہنی سرگرمی ہے، جس کے دوران دماغ کے متعدد نیٹ ورکس بیک وقت متحرک ہو سکتے ہیں۔

نیورولوجسٹ نے بتایا ہے کہ دماغ کا پری فرنٹل کارٹیکس (Prefrontal Cortex) اس دوران خاص طور پر فعال ہوتا ہے، دماغ کا یہ حصہ فیصلہ سازی، منصوبہ بندی، مسائل حل کرنے اور فوری ردِعمل پر قابو رکھنے جیسے اہم امور انجام دیتا ہے، جی ٹی اے جیسے گیمز جن میں تیزی سے فیصلے کرنے اور حکمتِ عملی کے تحت سوچنے کی ضرورت ہوتی ہے، دماغ کے اس حصے پر خاصا دباؤ ڈالتے ہیں۔

ڈاکٹر اسٹیو آلڈر کے مطابق دماغ کے ٹیمپورل لوب (Temporal Lobe) میں واقع ہپوکیمپس (Hippocampus) بھی ویڈیو گیمز کھیلنے کے دوران متحرک ہو سکتا ہے۔

نیورولوجسٹ کے مطابق ہپوکیمپس سیکھنے اور یادداشت کے عمل کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے، جب کھلاڑی ورچوئل ماحول میں راستے تلاش کرتے ہیں، مختلف راستوں کو یاد رکھتے ہیں اور معلومات ذہن میں محفوظ کرتے ہیں تو دماغ کا یہ حصہ بھی متحرک ہو جاتا ہے اور سیکھنے اور یادداشت کی صلاحیت کو بہتر بناتا ہے۔

محققین نے یہ بھی دریافت کیا ہے کہ جی ٹی اے 6 جیسی ایکشن ویڈیو گیمز دماغ کو فوری فیصلے کرنے کا چیلنج دے کر انسان کی ذہنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔

2022ء میں ہونے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ جو افراد ہفتے میں کم از کم 5 گھنٹے ایکشن ویڈیو گیمز کھیلتے تھے، انہوں نے ایک ایسے ذہنی امتحان میں غیر گیمرز کے مقابلے میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس میں مختلف اشکال کو ذہنی طور پر گھمانے اور ان کا تصور کرنے کی صلاحیت کا جائزہ لیا گیا تھا۔

ایک اور تحقیق میں سائنس دانوں نے ایسے افراد کو جو پہلے ویڈیو گیمز نہیں کھیلتے تھے، 3 ماہ تک ہفتے میں تقریباً 5 گھنٹے ایکشن ویڈیو گیمز کھیلنے کو کہا۔

تحقیق کے اختتام پر شرکاء کی سیکھنے کی رفتار میں اضافہ دیکھا گیا، انہوں نے 2 مختلف اور ایک دوسرے سے غیر متعلق مہارتیں ان افراد کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے سیکھیں جو نسبتاً سست رفتار نوعیت کے گیمز کھیلتے تھے، تاہم اس معاملے میں اعتدال پسندی اختیار کرنا بھی انتہائی ضروری ہے۔


نوٹ: یہ ایک معلوماتی مضمون ہے، اپنی کسی بھی بیماری کی تشخیص اور اس کے علاج کے لیے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔