کس سے سے تنازع کے باعث خودکشی کا سوچنے لگی تھیں؟ ہیلی بیبر نے بتا دیا

امریکی ماڈل ہیلی بیبر—فائل فوٹو 

معروف امریکی ماڈل ہیلی بیبر نے انکشاف کیا ہے کہ گلوکارہ سیلینا گومز سے تنازع کے باعث سوشل میڈیا پر مسلسل نفرت انگیز مہم اور دھمکیوں نے مجھے اس حد تک ذہنی اذیت میں مبتلا کر دیا تھا کہ میں اپنی زندگی ختم کرنے کے بارے میں سوچنے لگی تھی۔

ہیلی بیبر نے نیویارک ٹائمز کے زیرِ اہتمام ایک تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سوشل میڈیا پر اجنبی صارفین مجھے روزانہ خودکشی کرنے کے پیغامات بھیجتے تھے، مجھے عوامی مقامات پر بھی برا بھلا کہا جاتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ نفرت کی شدت نے مجھے یہ سوچنے پر مجبور کر دیا تھا کہ میں اگر اس دنیا میں نہ رہوں تو زیادہ بہتر ہو گا۔

ہیلی بیبر کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید اب بھی مجھے متاثر کرتی ہے اور میں یہ ظاہر نہیں کر سکتی کہ مجھے ان باتوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔

گفتگو کے دوران ہیلی نے بتایا کہ میں سوشل میڈیا پر منفی رویوں سے نمٹنے کے لیے موبائل فون کا استعمال محدود کرنے اور اپنے حال پر توجہ دینے کی کوشش کرتی ہوں۔

دی نیوز انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق ہیلی اور سیلینا میں تنازع بنیادی طور پر سوشل میڈیا پر پھیلنے والی ان قیاس آرائیوں سے شروع ہوا تھا کہ ہیلی بیبر اور سیلینا گومز کے درمیان کینیڈین گلوکار جسٹن بیبر کے معاملے پر رقابت ہے۔

واضح رہے کہ جسٹن بیبر نے سیلینا گومز کے ساتھ تقریباً 8 سال تک تعلقات میں رہنے کے بعد 2018ء میں ہیلی بیبر سے شادی کر لی تھی۔

اکتوبر 2022ء میں سیلینا اور ہیلی کو ایک تقریب میں ایک ساتھ تصاویر بنواتے بھی دیکھا گیا تاہم ان کے درمیان کشیدگی کی افواہیں برقرار رہیں۔

ستمبر 2023ء میں سیلینا گومز نے اپنے مداحوں سے ہیلی بیبر کو نفرت انگیز پیغامات اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینا بند کرنے کی اپیل کی تھی جس پر ہیلی نے سیلینا کا شکریہ بھی ادا کیا تھا۔