کیٹو ڈائیٹ نے جگر کی چربی گھٹانے میں دیگر غذاؤں کو پیچھے چھوڑ دیا

ایمیج: فائل

ایک نئی کلینیکل تحقیق کے مطابق کم کاربوہائیڈریٹ اور زیادہ چکنائی والی کیٹوجینک غذا محض وزن گھٹانے سے بڑھ کر میٹابولک صحت پر گہرے اثرات مرتب کر سکتی ہے۔

واشنگٹن یونیورسٹی اسکول آف میڈیسن کے محققین کی جرنل ’سیل میٹابولزم‘ میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق محققین نے موٹاپے، فیٹی لیور اور پری ڈائبٹیز کا شکار 42 بالغ افراد پر چار سے پانچ ماہ تک کنٹرولڈ ٹرائل کیا، جس میں تمام گروپس کے شرکاء نے اپنے ابتدائی وزن کا تقریباً 10 فیصد وزن کم کیا، لیکن کیٹو گروپ کے نتائج غیر معمولی رہے۔

کیٹوجینک غذا استعمال کرنے والے افراد کے جگر کی چربی میں اوسطاً 67 فیصد کمی واقع ہوئی، جبکہ میڈیٹیرین اور پودوں پر مبنی کم چکنائی والی غذاؤں کے گروپس میں یہ کمی 45 فیصد رہی۔

محققین کے مطابق یکساں وزن کم ہونے کے باوجود یہ فرق ظاہر کرتا ہے کہ کاربوہائیڈریٹ میں کمی جگر کی چربی پر محض وزن گھٹنے سے ہٹ کر الگ میٹابولک اثرات ڈالتی ہے۔

چار سے پانچ ماہ کی غذائی تبدیلی کے بعد کیٹو گروپ کے تقریباً 50 فیصد شرکاء پری ڈائبٹیز کی تشخیصی حد سے باہر آ گئے، جبکہ میڈیٹیرین ڈائٹ میں یہ شرح 29 فیصد اور کم چکنائی والی غذا میں محض 7 فیصد رہی۔

تاہم ماہرین نے واضح کیا کہ خون میں شکر کی سطح کا اس حد سے کم ہونا اہم بہتری ضرور ہے، لیکن اسے مستقل علاج نہیں سمجھا جانا چاہیے۔

24 گھنٹے کے دوران لیے گئے خون کے نمونوں سے معلوم ہوا کہ کیٹو گروپ میں گلوکاگون ہارمون میں سب سے زیادہ اضافہ اور انسولین کی سطح میں سب سے زیادہ کمی دیکھنے میں آئی، جو جگر میں چربی جمع ہونے کا عمل کم کرنے میں مدد دیتی ہے۔

حیران کن طور پر روزانہ کیلوریز کا 73 فیصد حصہ چکنائی (اور صرف 4 فیصد کاربوہائیڈریٹس) لینے کے باوجود شرکاء کے خون میں چکنائی یا کولیسٹرول کی سطح میں اضافہ نہیں ہوا۔

محققین نے کہا کہ جی ایل پی ون ادویات کی بڑھتی مقبولیت کے باوجود غذا کی مخصوص ساخت اپنے اضافی فوائد رکھتی ہے، تاہم یہ مطالعہ نسبتاً محدود تعداد اور چند ماہ پر محیط تھا، اس لیے طویل المدتی اثرات جاننے کے لیے مزید وسیع تحقیقات درکار ہیں۔


نوٹ: یہ ایک معلوماتی مضمون ہے، اپنی کسی بھی بیماری کی تشخیص اور اس کے علاج کے لیے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔