برطانوی شہزادہ ولیم نے اپنے 3 روزہ دورۂ بھارت کے آخری روز ممبئی میں بالی ووڈ فلم انڈسٹری کے معروف فلم ساز کرن جوہر کے پروڈکشن ہاؤس ’دھرما پروڈکشنز‘ کا دورہ کیا، جہاں ان کا استقبال فلمی گانوں اور روایتی ڈانس سے کیا گیا۔
اداکار سیف علی خان اور ان کی اہلیہ اداکارہ کرینہ کپور بھی اس موقع پر موجود تھیں، دونوں نے کرن جوہر کے ہمراہ شہزادہ ولیم کو خوش آمدید کہا۔
شہزادہ ولیم کی ’دھرما پروڈکشنز‘ میں آمد پر روایتی لباس میں ملبوس ڈانسرز نے کرن جوہر کی مشہور فلم ’کبھی خوشی کبھی غم‘ کے مقبول گانے ’بولے چوڑیاں‘ پر پرفارم کیا۔
اس پرفارمنس کو شہزادہ ولیم نے مسکراتے ہوئے دیکھا اور تالیاں بجا کر ڈانسرز کی حوصلہ افزائی کی، اس موقع پر فلم کے دیگر مقبول گیت ’سے شاوا شاوا‘ اور ٹائٹل ٹریک بھی بجایا گیا۔
شہزادہ ولیم نے ’دھرما پروڈکشنز‘ کے آفس میں تقریباً 45 منٹ گزارے جہاں انہیں بھارتی فلم انڈسٹری کے کام، عالمی مقبولیت اور بین الاقوامی مارکیٹ میں اس کے بڑھتے ہوئے اثرات کے بارے میں بتایا گیا۔
فلم ساز کرن جوہر نے برطانوی شہزادے کی ’دھرما پروڈکشنز‘ میں آمد کو اپنے لیے اعزاز قرار دیا اور ان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ شہزادہ ولیم نہایت خوش اخلاق اور مہربان شخصیت کے مالک ہیں۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ شہزادہ ولیم نے بھارتی سنیما کی صلاحیتوں اور مختلف بھارتی زبانوں میں بننے والی فلموں کی عالمی مقبولیت میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے۔