اداکارہ نادیہ افغان کا لاہور کو خیرباد کہہ کر کراچی منتقلی کا فیصلہ

پاکستانی اداکارہ نادیہ افغان—فائل فوٹو

پاکستانی اداکارہ نادیہ افغان نے اپنی زندگی سے متعلق ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے کراچی منتقل ہونے کا اعلان کر دیا۔

نادیہ افغان نے 1990ء کی دہائی کے آخری برسوں اور 2000ء کی دہائی کے آغاز میں مزاحیہ ڈراموں سے اپنے فنی سفر کا آغاز کیا تھا، وہ اپنی جاندار اداکاری اور منفرد انداز کے باعث شائقین میں خاصی مقبول ہیں۔

اداکارہ تقریباً 2 دہائیوں سے اپنے شوہر جواد کے ساتھ شادی کے بندھن میں ہیں، جنہیں وہ پیار سے ’جوڈی‘ کہتی ہیں۔

نادیہ افغان نے حالیہ ویڈیو میں انکشاف کیا ہے کہ میرے شوہر کا تبادلہ کراچی ہو گیا ہے، جس کے باعث میں بھی کراچی منتقل ہو رہی ہوں۔

 اداکارہ گزشتہ 3 دہائیوں سے زائد عرصے سے لاہور میں مقیم تھیں، جہاں وہ تعلیم کے حصول کے لیے آئی تھیں۔

اداکارہ نے لاہور سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ شہر میری پرورش کا باعث بنا اور میں ہمیشہ لاہور سے محبت کرتی رہوں گی۔

انہوں نے مزاحیہ انداز میں یہ بھی کہا ہے کہ اب پروڈیوسرز خوش ہوں گے کیونکہ انہیں میرے لاہور سے کراچی آنے جانے کے لیے ہوائی ٹکٹوں کے اخراجات برداشت نہیں کرنا پڑیں گے۔

نادیہ افغان کراچی میں اپنی نئی زندگی اور نئے گھر کے آغاز کے لیے پُرجوش ہیں۔