برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے لندن کے سینٹ جیمز پیلس میں منعقدہ خصوصی تقریب کے دوران برطانوی بادشاہ شاہ چارلس سوئم کو اپنی سفارتی اسناد پیش کر دیں، اس موقع پر ان کی اہلیہ صائمہ ٹیپو بھی ہمراہ تھیں۔
سفارتی آداب کے مطابق ہائی کمشنر اور ان کی اہلیہ کو وائس مارشل آف دی ڈپلومیٹک کور کی سربراہی میں شاہی بگھی کے ذریعے لنکاسٹر ہاؤس سے سینٹ جیمز پیلس پہنچایا گیا۔
شاہ چارلس سوئم سے ملاقات کے دوران ٹیپو عثمان نے صدرِ مملکت آصف زرداری اور وزیرِاعظم شہباز شریف کی جانب سے نیک خواہشات اور خیر سگالی کے پیغامات پہنچائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام شاہ چارلس سوئم کو انتہائی عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور برطانوی بادشاہ کے سابقہ دورۂ پاکستان کی خوشگوار یادیں آج بھی تازہ ہیں۔
ہائی کمشنر نے پاکستان اور برطانیہ کے دیرینہ دوستانہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری، ثقافتی تعاون اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کی خواہش ظاہر کی۔
اس موقع پر شاہ چارلس سوئم نے ٹیپو عثمان اور ان کی اہلیہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے پاکستانی قیادت اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔