بالی ووڈ کے معروف اداکار سیف علی خان کو ایک مرتبہ پھر قتل کی دھمکی ملنے کا انکشاف ہوا ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ممبئی میں سیاست دان بابا صدیق کے قتل کیس کے ایک ملزم نے مبینہ طور پر سیف علی خان کو جان سے مارنے کی دھمکی دی ہے، جس کے بعد سیکیورٹی خدشات بڑھ گئے۔
ممبئی پولیس کے ایک افسر نے بتایا ہے کہ اداکار کو ان کے موبائل فون پر ایک وائس میسج موصول ہوا، جس میں پیغام بھیجنے والے نےاپنا نام ذیشان اختر ظاہر کرتے ہوئے انہیں خبردار کیا کہ ان کا انجام بھی بابا صدیق جیسا ہو گا۔
رپورٹ کے مطابق اب بھارتی پولیس اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ آیا یہ دھمکی واقعی ذیشان اختر نے دی ہے یا کسی دوسرے شخص نے اس کی شناخت استعمال کر کے اداکار کو خوفزدہ کرنے کی کوشش کی ہے۔
یاد رہے کہ سیف علی خان سے قبل اداکار تشار کپور اور آیوشمان کھرانہ کو بھی اسی نوعیت کی دھمکیاں موصول ہو چکی ہیں۔
ان واقعات کی تحقیقات کے دوران ممبئی پولیس نے بنگلور سے تعلق رکھنے والے 30 سالہ آئی آئی ٹی گریجویٹ ویبھو مشرا کو گرفتار کیا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم کا کسی گینگ سے تعلق نہیں تھا اور اس نے مبینہ طور پر مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے دھمکی آمیز پیغامات تیار کیے تھے۔
واضح رہے کہ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے رہنما اور سابق بھارتی وزیر بابا صدیق کو 12 اکتوبر 2024ء کو ممبئی کے علاقے باندرہ میں ان کے بیٹے ذیشان صدیق کے دفتر کے باہر فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔