پاکستان کی سینئر اداکارہ اور میزبان حنا بیات نے خواتین کے شوہروں پر مکمل انحصار اور ازدواجی زندگی میں ناجائز تعلقات کے اثرات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔
حنا بیات نے متعدد مقبول ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں جن میں اڑان، عشق گمشدہ، عون زارا، ہم سفر، زندگی گلزار ہے، شہرِ ذات، خدا اور محبت 3، عشق جلیبی، جنت سے آگے، خئی، جاں نثار اور خمار شامل ہیں، وہ سماجی مسائل پر کھل کر بات کرنے کے حوالے سے بھی جانی جاتی ہیں۔
حال ہی میں حنا بیات نے ایک مارننگ شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے شوہروں پر مکمل انحصار کرنے والی خواتین اور ازدواجی زندگی میں بے وفائی کے اثرات پر گفتگو کی۔
شوہروں پر مکمل انحصار کرنے والی بیویوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے حنا بیات نے کہا ہے کہ میں نے ایک ایسے جوڑے کے بارے میں سنا ہے جن کی شادی کو ابھی 2 سال بھی نہیں ہوئے تھے کہ طلاق ہو گئی، جس کی وجہ شوہر کا بیوی کو مناسب وقت نہ دینا بتایا گیا۔
ان کا کہنا ہے کہ خواتین کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ شوہر جب کام پر جاتا ہے تو اسے اپنی ملازمت پر توجہ دینی ہوتی ہے اور وقت گزرنے کے ساتھ اس کی ذمے داریاں بھی بڑھتی جاتی ہیں۔
حنا بیات نے کہا کہ میں نے دیکھا ہے کہ شوہر ہر 6 ماہ بعد بیوی کو چھٹیاں گزارنے بھی لے کر جاتا تھا اور اسے وقت بھی دیتا تھا، اس کے باوجود طلاق ہو گئی۔
اداکارہ کے مطابق خواتین کو خود کو مصروف رکھنا چاہیے اور شوہر کے انتظار میں وقت گزارنے کے بجائے کوئی نہ کوئی مثبت سرگرمی اختیار کرنی چاہیے، ملازمت نہ کر سکیں تو فلاحی کاموں میں حصہ لیں اور خود کو مفید سرگرمیوں میں مصروف رکھیں، آخر شوہر کے وقت پر ہی مکمل انحصار کیوں کیا جائے؟
ازدواجی زندگی میں ناجائز تعلقات کے حوالے سے حنا بیات نے کہا ہے کہ ایسے تعلقات کسی صورت قابلِ قبول نہیں، کیونکہ یہ شریکِ حیات کی عزتِ نفس اور جذباتی تحفظ کو ختم کر دیتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ ایسا معاملہ ہے جس پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جا سکتا، کیونکہ یہ رشتے میں سب سے بڑی بے وفائی ہے، جسمانی تعلق کو ایک طرف بھی رکھ دیا جائے تو میاں بیوی کا رشتہ گہری جذباتی وابستگی پر قائم ہوتا ہے، جو مضبوط ہونے کے باوجود ایک لمحے میں ٹوٹ سکتا ہے۔
حنا بیات نے کہا ہے کہ بیوی کے لیے شوہر کی بے وفائی سب سے بڑا دھوکا ہے، جس سے اس کی خود اعتمادی اور عزتِ نفس بری طرح متاثر ہوتی ہے، اسے محسوس ہوتا ہے کہ اسے دھوکا دیا گیا، نظر انداز کیا گیا اور کسی دوسرے شخص نے اس کی جگہ لے لی۔
اداکارہ نے ایک خاتون کا واقعہ بھی بیان کیا جس نے کہا تھا کہ مجھے معلوم تھا کہ شوہر مجھے چھوڑ کر نہیں جائے گا تاہم میں اب اس سے محبت نہیں کرتی، لیکن بچوں کی خاطر شادی برقرار رکھی۔
حنا بیات کے مطابق جب میاں بیوی میں سے کوئی ایک ناجائز تعلق قائم کر لے تو اس کے بعد رشتے میں پہلے جیسی قربت اور مضبوطی دوبارہ پیدا نہیں ہو پاتی۔