سیٹ پر کریو ممبر کی لاش کی موجودگی میں شوٹنگ جاری رکھی: اپاسنا سنگھ

بھارتی اداکارہ اپاسنا سنگھ—فائل فوٹو

بھارتی اداکارہ اپاسنا سنگھ نے فلمی صنعت کے تلخ حقائق سے پردہ اٹھاتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ سیٹ پر عملے کے فرد کی ہلاکت کے باوجود شوٹنگ نہیں روکی جاتی اور بعض اوقات لاش کو ایک جانب رکھ کر کام دوبارہ شروع کر دیا جاتا ہے۔

ایک حالیہ انٹرویو میں اپاسنا سنگھ نے انکشاف کیا کہ فلمی سیٹ پر کام کرنے والے لائٹ مین شدید گرمی میں بلندی پر نصب روشنیوں کا انتظام کرتے ہیں جہاں بعض اوقات حادثات پیش آتے ہیں اور لوگ جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں، لیکن اس کے باوجود شوٹنگ جاری رکھی جاتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ فلمی صنعت میں بھاری سرمایہ کاری ہوتی ہے اور پروڈیوسرز کے روزانہ اخراجات بہت زیادہ ہوتے ہیں، اسی لیے بعض اوقات انسانی جانوں سے زیادہ شوٹنگ مکمل کرنے کو ترجیح دی جاتی ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ اگر کسی اداکار کی اچانک موت ہو جائے تو اگلے ہی روز اس کی جگہ کوئی دوسرا اداکار لے لیتا ہے، میں سمجھتی ہوں کہ پروگرام کی نشریات اور دیگر وعدے پورے کرنا ضروری ہیں لیکن ایسے واقعات انسان کے دل کو تکلیف پہنچاتے ہیں اور یہ سوچنے پر مجبور کرتے ہیں کہ کیا فلمی صنعت انسانیت بھول چکی ہے؟

اپاسنا سنگھ نے ایک مزاحیہ پروگرام میں پیش آنے والا واقعہ بھی بیان کیا جہاں ایک کنٹیسٹنٹ پرفارمنس کے دوران اچانک بے ہوش ہو کر گر پڑا، اسے وین میں منتقل کیا گیا تو پروڈیوسر نے ڈاکٹر بلانے یا فوری طبی امداد کا انتظام کرنے کے بجائے کیمرہ منگوا کر اس کی حالت ریکارڈ کرنے کی ہدایت کی۔

اپاسنا سنگھ کے مطابق پروگرام انتظامیہ کو اس بات میں زیادہ دلچسپی نہیں تھی کہ امیدوار بھوک کی وجہ سے بے ہوش ہوا ہے یا اسے پانی یا طبی مدد چاہیے، کنٹیسٹنٹ کو کھانا، جوس یا فوری طبی امداد بھی فراہم نہیں کی گئی۔

اداکارہ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب صرف ٹی آر پی حاصل کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے، کسی کو سیٹ پر کچھ ہو جائے تو اس کی ذمے داری کوئی نہیں لیتا۔

واضح رہے کہ اپاسنا سنگھ نے مذکورہ واقعات کے حوالے سے کسی مخصوص فلم یا پروڈکشن کا نام نہیں بتایا، اداکارہ نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے خود لائٹ مینز کو بلندی سے گرنے اور جان سے ہاتھ دھونے کے واقعات دیکھے ہیں جبکہ اس کے باوجود شوٹنگ جاری رکھی گئی۔