عامر خان نے ممبئی میں 3 لگژری اپارٹمنٹس 38 لاکھ ماہانہ کرایہ پر حاصل کرلیے

تصویر سوشل میڈیا۔

بالی ووڈ سپر اسٹار عامر خان نے ممبئی کے علاقے سانتا کروز (ویسٹ) میں تین لگژری رہائشی اپارٹمنٹس چار سال کے لیے مجموعی طور پر 38 لاکھ روپے ماہانہ کرائے پر حاصل کرلیے ہیں۔ 

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے معاہدوں کے تحت 14ویں، 12ویں اور 11ویں منزل پر واقع تین اپارٹمنٹس کرائے پر حاصل کیے گئے ہیں۔ تینوں اپارٹمنٹس کا مجموعی کارپٹ ایریا 12,200 مربع فٹ ہے اور یہ سانتا کروز (ویسٹ) کے نارتھ ایونیو میں واقع ہیں۔

سب سے بڑے اپارٹمنٹ کا ماہانہ کرایہ 20 لاکھ، جبکہ دیگر دونوں کا ماہانہ کرایہ 9 لاکھ روپے فی اپارٹمنٹ مقرر کیا گیا ہے۔ اس طرح مجموعی ماہانہ کرایہ 38 لاکھ روپے بنتا ہے۔ 

دستاویزات کے مطابق ہر اپارٹمنٹ کے ساتھ گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے تین جگہیں بھی مختص ہیں، یوں مجموعی طور پر نو گاڑیوں کی پارکنگ کی سہولت دستیاب ہوگی۔

2025 میں عامر خان کی پالی ہل میں کرائے کی رہائش اختیار کرنے کی وجہ باندرہ میں واقع ورگو کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کی ازسرنو تعمیر بتائی گئی تھی، جہاں ان کی زیر ملکیت 12 اپارٹمنٹس ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پالی ہل میں عامر خان کی کرائے کی رہائش شاہ رخ خان کی عارضی رہائش گاہ سے تقریباً 750 میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ شاہ رخ اپنے بنگلے منت کی تزئین و آرائش کے باعث عارضی طور پر وہاں قیام پذیر ہیں۔

عامر خان نے پالی ہل میں جائیدادیں بھی خرید رکھی ہیں۔ جون 2024 میں انہوں نے بیلا وسٹا اپارٹمنٹس میں 1,027 مربع فٹ کا ایک اپارٹمنٹ 9 کروڑ 75 لاکھ روپے میں خریدا تھا۔ اس خریداری پر 58 لاکھ 50 ہزار روپے اسٹامپ ڈیوٹی اور 30 ہزار روپے رجسٹریشن فیس ادا کی گئی تھی۔

ورگو کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی اور ولنومونا اپارٹمنٹس کے علاوہ عامر خان کی زیرملکیت ہل ویو، بیلا وسٹا اور مرینا اپارٹمنٹس میں بھی رہائش گاہیں ہیں، جبکہ باندرہ میں سمندر کے سامنے واقع ایک گھر بھی ان کی ملکیت ہے۔