پاکستان کے معروف گلوکار زین نے والد کے انتقال سے جڑی ایک جذباتی یاد شیئر کر دی۔
گلوکار بھائیوں کی جوڑی زین اور زوہیب موسیقی کی دنیا میں اپنی محنت اور لگن کے باعث پہچان بنا رہے ہیں، دونوں بھائیوں کا تعلق موسیقی کے گھرانے سے ہے، ان کے دادا رحمت علی موسیقی کی دنیا کی معروف شخصیت تھے، جبکہ ان کے والد لیجنڈ گلوکار نصرت فتح علی خان کی گائیکی کی محفل کا اہم حصہ رہے ہیں۔
ان دنوں زین اور زوہیب کینیڈا کے دورے پر ہیں، جہاں ایک انٹرویو کے دوران زین نے کم عمری میں والد کو کھونے کے دکھ اور اس وقت کے احساسات پر گفتگو کی۔
زین نے بتایا کہ والد کے انتقال پر میں فوری طور پر رویا نہیں تھا، والد کے دنیا سے جانے کے بعد میرے ذہن میں سب سے پہلے یہ خیال آیا کہ میں خاندان اور گھر کے معاملات کیسے سنبھالوں گا۔
انہوں نے بتایا کہ والد کی پنشن کے سلسلے میں بھاگ دوڑ کرتا رہا اور اس دوران مجھے اپنے غم کا احساس بھی نہ ہو سکا۔
زین کے مطابق والد کے انتقال کے تقریباً ڈیڑھ ماہ بعد میں سڑک پر کھڑا تھا کہ ایک باپ اور بیٹے کو ساتھ چلتے دیکھا، اس منظر نے اچانک مجھے احساس دلایا کہ میرے والد اب اس دنیا میں نہیں رہے اور میں انہیں کھو چکا ہوں۔