ہالی ووڈ کے معروف اداکار بریڈ پٹ نے نئی جیمز بانڈ فلم میں رابرٹ پیٹنسن کے مدِمقابل ولن کا کردار ادا کرنے کی خواہش ظاہر کر دی۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بریڈ پٹ نے لاس اینجلس میں اپنی نئی فلم ’دی فردر مس ایڈونچرز آف کلف بوتھ‘ کے پریمیئر کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رابرٹ پیٹنسن کے جیمز بانڈ کے کردار کے لیے منتخب ہونے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
اُنہوں نے کہا ہے کہ مجھے جیمز بانڈ کے کردار کے لیے رابرٹ پیٹنسن کا انتخاب بہت پسند آیا ہے، وہ جس انداز سے فلموں میں کرداروں کا انتخاب کر رہے ہیں، وہ قابلِ تعریف ہے۔
اس دوران جب بریڈ پٹ سے پوچھا گیا کہ کیا وہ نئی جیمز بانڈ فلم میں ولن کا کردار ادا کرنا پسند کریں گے تو انہوں نے فوری طور پر آمادگی ظاہر کر دی۔
اُنہوں نے کہا کہ میں یہ کردار ضرور ادا کرنا چاہوں گے اور اس کے لیے تیار ہوں۔
اداکار نے ہدایت کار ڈینس ویلینیو اور رابرٹ پیٹنسن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ مجھے اس کردار کے لیے پیشکش کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میرے دوست اور ساتھی اداکار جیویئر بارڈیم نے فلم ’اسکائی فال‘ میں ولن کا کردار انتہائی شاندار انداز میں نبھایا تھا، اس لیے ان کے نقشِ قدم پر چلنا ایک بڑا چیلنج ہو گا لیکن میں یہ چیلنج قبول کرنے کے لیے تیار ہوں۔