بالی ووڈ اداکارہ اننیا پانڈے نے ہریتھک روشن سے متعلق بچپن کی ایک دلچسپ یاد شیئر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ میرا پہلا کرش تھے اور ایک مرتبہ میں نے سالگرہ کی تقریب میں ہریتھک کو اپنی رقص کی پرفارمنس دیکھنے پر مجبور کر دیا تھا۔
’کافی ود کرن 9‘ میں شرکت کے دوران میزبان کرن جوہر سے گفتگو کرتے ہوئے اننیا پانڈے نے اپنی سہیلیوں سہانا خان اور شانایا کپور کے ساتھ بچپن کی یادیں تازہ کیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ ہم تینوں جب بھی کسی سالگرہ کی تقریب میں جاتیں تو پرفارم کرنے کے لیے بے حد پُرجوش ہوتی تھیں۔
اننیا نے ایک واقعہ یاد کرتے ہوئے بتایا کہ ایک تقریب میں ہریتھک روشن وہاں سے جانے والے تھے کہ تینوں لڑکیوں نے انہیں روک لیا اور اپنی پرفارمنس دیکھنے پر اصرار کیا، ہم نے پہلے فلم ’دھوم‘ کے گانے ’دھوم مچالے‘ پر 3 مرتبہ رقص کیا اور پھر ’کریزی کیا رے‘ پر پرفارم کیا۔
اننیا نے مزاحیہ انداز میں ہریتھک روشن کے تھکے ہوئے تاثرات کی نقل بھی اتاری، جس پر محفل قہقہوں سے گونج اٹھی۔
اننیا پانڈے نے بتایا ہے کہ بچپن میں ہریتھک روشن کی بہت بڑی مداح تھی اور وہ میری پہلی محبت تھے۔
انہوں نے سالگرہ کی ایک اور تقریب کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ہریتھک روشن کو دیکھ کر میں اس قدر پُرجوش ہوگئی تھی کہ والدہ بھاونا پانڈے بھی حیران رہ گئیں۔
اننیا نے اعتراف کیا کہ میں آج بھی اپنے پسندیدہ فنکاروں کو دیکھ کر اسی طرح حیران اور پُرجوش ہو جاتی ہوں۔