لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کے منیجر کرکٹ آپریشنز عابد حسین پر 10 سال کی پابندی

—فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کے منیجر کرکٹ آپریشنز عابد حسین پر 10 سال کی پابندی لگا دی۔

پی سی بی نے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے منیجر کرکٹ آپریشنز عابد حسین کو نوکری سے بھی برخاست کر دیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ایل آر سی اے کے منیجر کرکٹ آپریشنز پر بدعنوانی اور بدانتظامی کے الزامات عائد کیے گئے، عابد حسین پر ریجنل اور زونل کوچز کو دھمکیاں دینے کے الزامات بھی لگائے گئے۔

کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ پی سی بی پینل کے سامنے عابد حسین اپنے خلاف الزامات پر تسلی بخش جواب نہ دے سکے۔

بورڈ کے مطابق عابد حسین 10 سال تک پی سی بی، ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشنز اور ملحقہ ڈیپارٹمنٹس کے ساتھ کام نہیں کر سکیں گے۔