تاپسی پنو کا فلم سازوں کو مشورہ

بھارتی اداکارہ تاپسی پنو—فائل فوٹو 

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ تاپسی پنو نے بھارتی فلم انڈسٹری میں رومانوی فلموں کے بدلتے انداز پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

تاپسی پنو نے حالیہ انٹرویو میں موجودہ دور کی رومانوی فلموں کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ 90ء کی دہائی میں بننے والی رومانوی فلموں میں محبت کے جذبات اور 2 کرداروں کے درمیان تعلق کو جس خوبصورتی سے دکھایا جاتا تھا، وہ آج کی فلموں میں کم نظر آتا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ آج کل کی رومانوی فلموں میں بھی بار بار وہی پرانے موضوعات دہرائے جا رہے ہیں، جن میں والدین کی مخالفت، مذہب اور ذات پات کے اختلافات جیسے تنازعات شامل ہیں۔

بھارتی اداکارہ نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ رومانوی فلموں میں وہی پرانے موضوعات دہرانے کے بجائے آج کے دور کے مسائل اور تعلقات کی حقیقت کو جگہ دی جائے کیونکہ ٹیکنالوجی نے لوگوں کے محبت کرنے اور ایک دوسرے سے تعلق قائم کرنے کے انداز کو تبدیل کر دیا ہے۔

انہوں نے فلموں میں موجودہ دور کے اداکاروں کے رویے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں فلموں کے رومانوی مناظر دیکھ کر ایسا محسوس ہوتا تھا جیسے دونوں کرداروں کی دنیا میں ایک دوسرے کے سوا کوئی موجود نہیں لیکن اب اداکار اپنے ساتھی اداکار پر توجہ دینے کے بجائے کیمرے کے بہترین زاویوں اور اپنی ظاہری شخصیت کے بارے میں زیادہ سوچتے ہیں۔

تاپسی پنو نے کہا کہ محبت میں ہیرو بننے یا پھر حد سے زیادہ جارحانہ رویہ اختیار کرنے کے درمیان ایک خوبصورت پہلو بھی ہوتا ہے، جس میں ایک دوسرے کے لیے خلوص، توجہ اور قربانی کا جذبہ دکھایا جاتا ہے، مگر موجودہ فلموں میں یہ پہلو کہیں کھو گیا ہے۔

اُنہوں نے 2018ء میں ریلیز ہونے والی اپنی فلم ’من مرضیاں‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگرچہ یہ فلم باکس آفس پر کوئی بہت بڑی کامیابی حاصل نہیں کر سکی تھی لیکن اسے آج بھی ناظرین یاد کرتے ہیں اور اس کے بارے میں بات کرتے ہیں، کیونکہ اس فلم میں ایک خالص محبت کی کہانی تھی، جسے کسی غیر ضروری تاریک موڑ یا سماجی پیغام کی ضرورت نہیں تھی۔

بھارتی اداکارہ نے بتایا کہ میں مستقبل میں ایک مکمل رومانوی فلم میں کام کرنے کی خواہش رکھتی ہوں۔

اُنہوں نے اپنی نجی زندگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ میں اور سابق بیڈمنٹن کھلاڑی میتھیاس بو گزشتہ 13 برس سے ساتھ ہیں۔

تاپسی پنو نے بتایا کہ میں ہمیشہ ایسے شریکِ حیات کی خواہش مند تھی جو میرے لیے خصوصی کوشش کرے اور میرے ساتھ تعلق کو اہمیت دے۔

انہوں نے کہا کہ بالی ووڈ کو ایسے ہی رومانس کی ضرورت ہے جو صرف دکھاوے کے بجائے حقیقی جذبات، باہمی احترام اور محبت کی عکاسی کرے۔