ہالی ووڈ کے معروف اداکار رابرٹ پیٹنسن کو جیمز بانڈ کے مشہور کردار کے لیے منتخب کیے جانے پر برطانوی شاہی خاندان نے بھی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں منفرد انداز میں خوش آمدید کہا ہے۔
رابرٹ پیٹنسن کو نئے جیمز بانڈ یعنی’ایجنٹ 007‘ کا کردار ملنے کے اعلان کے بعد برطانوی شاہی خاندان کے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اداکار کی ایک تصویر شیئر کی گئی ہے۔
اس تصویر کو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا گیا ہے کہ آپ کو بادشاہ کی خفیہ سروس میں خوش آمدید، مسٹر بانڈ!
شاہ چارلس اور ملکہ کمیلا کی جانب سے جاری کیے گئے اس پیغام کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بہت پسند کیا جا رہا ہے اور صارفین کی جانب سے برطانوی شاہی خاندان کے اس منفرد اور دلچسپ انداز کو سراہا بھی جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ برطانوی شاہی خاندان کا جیمز بانڈ فلم سیریز سے پرانا تعلق ہے، 2012ء کے لندن اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں آنجہانی ملکہ الزبتھ دوم نے جیمز بانڈ کا کردار ادا کرنے والے اداکار ڈینیئل کریگ کے ساتھ ایک یادگار ویڈیو خاکے میں شرکت کی تھی۔
اس کے علاوہ برطانوی شاہی خاندان کے افراد 2021ء میں جیمز بانڈ سیریز کی فلم ’نو ٹائم ٹو ڈائی‘ کے پریمیئر میں بھی شریک ہوئے تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نئی جیمز بانڈ فلم کی ہدایت کاری معروف فلم ساز ڈینس ویلینیو کریں گے، جو کہ فلم ’ڈیون‘ کی ہدایت کاری کے لیے مشہور ہیں اور اسکرین پلے ’پیکی بلائنڈرز‘ کے تخلیق کار اسٹیون نائٹ لکھیں گے۔
رابرٹ پیٹنسن سے قبل شان کونری، جارج لیزنبی، راجر مور، ٹموتھی ڈالٹن، پیئرس بروسنن اور ڈینیئل کریگ اس مشہور کردار میں بڑی اسکرین پر نظر آ چکے ہیں۔