بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن اور ابھیشیک بچن کو گینگسٹر گولڈی ڈھلون کی جانب سے سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے جان سے مارنے کی دھمکیاں ملی ہیں۔
یہ دھمکی لارنس بشنوئی گینگ سے وابستہ دو مبینہ شوٹرز کو دہلی پولیس کے اسپیشل سیل کی طرف سے گرفتار کیے جانے کے چند دن بعد سامنے آئی ہے، جن کا تعلق سینئر اداکار اور دہلی کے ایک تاجر پر مبینہ حملے کے منصوبوں سے جوڑا جا رہا ہے۔
اپنی پوسٹ میں ڈھلون نے دعویٰ کیا کہ وکاس ٹھاکر اور دیپک سنگھ کی گرفتاریوں سے ممبئی میں امیتابھ بچن کو نشانہ بنانے کے مبینہ منصوبے پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
اس نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ شہر میں اس کے تقریباً 200 ساتھی سرگرم ہیں۔ پوسٹ میں امیتابھ اور ابھیشیک دونوں کے نام لیے گئے اور خبردار کیا گیا کہ ان کے سیکیورٹی انتظامات کسی حملے کو نہیں روک سکیں گے۔
یہ دھمکی پنجاب کے شہر جالندھر سے وکاس ٹھاکر عرف وکی اور ترن تارن سے دیپک سنگھ عرف دیپ کی گرفتاری کے بعد سامنے آئی ہے۔ دہلی پولیس کے اسپیشل سیل نے دونوں افراد کو ہفتے کے روز گرفتار کیا۔
تفتیش کاروں کو شبہ ہے کہ وہ الگ الگ لیکن ممکنہ طور پر جڑے ہوئے منصوبوں میں ملوث تھے، جن میں امیتابھ بچن کی ممبئی رہائش گاہ ’جلسہ‘ کے باہر فائرنگ کرنے کی مبینہ سازش بھی شامل ہے۔
تحقیقات کے بارے میں شیئر کی گئی معلومات کے مطابق، ٹھاکر کو مبینہ طور پر بھتہ وصولی کی کوشش کے ایک حصے کے طور پر دہلی کے ایک تاجر کو گولی مارنے کا کام سونپا گیا تھا۔