عالمی شہرت یافتہ جاسوسی فلم سیریز ’جیمز بانڈ‘ کے اگلے ہیرو کے حوالے سے برسوں سے جاری تجسس بالآخر ختم ہو گیا۔
ایمیزون ایم جی ایم اسٹوڈیوز نے 16 نومبر کو ’007‘ کے آفیشل سوشل میڈیا صفحات پر سیاہ ٹکسیڈو پہنے اور ہاتھ میں پستول تھامے رابرٹ پیٹنسن کی پہلی تصویر کے ساتھ ’شناخت کی تصدیق ہو گئی‘ کے پیغام کے ذریعے ان کی بطور نئے جیمز بانڈ تقرری کا اعلان کیا۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ یہ اعلان ڈینیئل کریگ کی پہلی بانڈ فلم ’کیسینو رائل‘ کی ریلیز کے ٹھیک 20 سال مکمل ہونے کے موقع پر کیا گیا ہے۔
40 سالہ رابرٹ پیٹنسن 2021ء کی فلم ’نو ٹائم ٹو ڈائی‘ کے بعد ڈینیئل کریگ کی جگہ لیں گے۔
اکتوبر کے آخر میں لندن میں ہونے والے حتمی اسکرین ٹیسٹ میں نکولس ہولٹ، جیک لوڈن، جوش او کونر اور کیلم ٹرنر جیسے نامور اداکار بھی اس دوڑ میں شامل تھے، تاہم قرعہ فال پیٹنسن کے نام نکلا۔
اپنے بیان میں رابرٹ پیٹنسن نے کہا، ’جیمز بانڈ سینما کی تاریخ کے سب سے افسانوی کرداروں میں سے ایک ہے اور مجھے 007 کی ذمہ داری سونپا جانا زندگی بھر کا اعزاز ہے۔ اس کردار کو خواب پورا ہونے کے مترادف کہنا بھی کم ہوگا، میں اس شاندار ٹیم کے ساتھ کام شروع کرنے کے لیے بےحد پُرجوش ہوں۔‘
آئندہ بانڈ فلم کی ہدایت کاری معروف ڈائریکٹر ڈینس ویلینیو دیں گے، جنہوں نے رابرٹ پیٹنسن کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان میں 007 کی روایتی روح کے ساتھ ایک نیا پن بھی موجود ہے۔
مشہور سیریز ’پیکی بلائنڈرز‘ کے خالق اسٹیون نائٹ اس فلم کا اسکرپٹ لکھیں گے، جبکہ اس کی پروڈکشن 2027ء میں شروع ہونے کی توقع ہے۔ یہ اس فرنچائز کی 26ویں فلم ہوگی جس کا نام تاحال خفیہ رکھا گیا ہے۔