سونو سود ملاقات کیلئے شرد کپور کے گھر پہنچ گئے

کولاج فوٹو: اسکرین گریب

نامور بالی ووڈ اداکار اور سماجی کارکن سونو سود علالت کے شکار اداکار شرد کپور سے ملاقات کیلئے ان کے گھر پہنچ گئے۔ 

بالی ووڈ کی مشہور فلم ’جوش‘ سے شہرت پانے والے اداکار شرد کپور نے کام نہ ملنے پر شکوہ کرتے ہوئے کام دینے کی جذباتی اپیل کی تھی جبکہ انہوں نے بتایا تھا کہ ان کی صحت بھی خراب ہے۔ 

ویڈیو سامنے آنے کے بعد اداکار سونو سود شرد کپور کی مدد کے لیے آگے آئے، اپیل کے محض ایک روز بعد سونو نے شرد کپور سے ملاقات کی، جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں سونو سود کو شرد کپور کے ساتھ بیٹھ کر ان کی صحت کے بارے میں دریافت کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ شرد واکنگ فریم کے سہارے چلتے دکھائی دیے اور انہوں نے اپنی ٹانگ کے علاج کے حوالے سے سونو سود کو آگاہ کیا۔

رپورٹس کے مطابق سونو سود نے شرد کے لیے ضروری طبی سامان کا بھی انتظام کیا اور وہ ذاتی طور پر ان کی صحت پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

قبل ازیں شرد کپور نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پیغام میں بتایا تھا کہ وہ ڈپریشن اور مشکل دور سے گزر رہے ہیں۔ انہوں نے سینیئر اداکاروں اور فنکاروں کی تنظیم سے اپیل کرتے ہوئے کہا تھا، ’مجھے مالی، اخلاقی اور ذہنی مدد کی ضرورت ہے۔ ‘

ان کا کہنا تھا کہ ’پیسہ اصل مسئلہ نہیں ہے، میں ایک اچھا اداکار ہوں اور صرف دوبارہ کام شروع کرنا چاہتا ہوں۔ تھوڑی سی اخلاقی حمایت بھی میرے لیے کافی ہوگی۔‘