ٹائیگر شروف پر فائرنگ کے بعد بالی ووڈ اداکاروں کیلئے باڈی گارڈز کی تعداد بڑھا دی گئی

ٹائیگر شروف—فائل فوٹو 

بالی ووڈ کے معروف اداکار ٹائیگر شروف کے ساتھ پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے کے بعد بالی ووڈ کی معروف شخصیات نے اپنی سیکیورٹی مزید سخت کر دی۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بالی ووڈ اداکاروں کی تقریبات اور عوامی مقامات پر آمد کے دوران باڈی گارڈز کی تعداد بھی بڑھائی جا رہی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اداکاروں اور ان کی سیکیورٹی ٹیمز نے حفاظتی انتظامات میں اضافے کے ساتھ نجی تقریبات کے منتظمین، مہمانوں اور مقامات کی جانچ پڑتال بھی سخت کر دی ہے۔

رپورٹ کے مطابق بالی ووڈ اداکاروں کے لیے پہلے عموماً 3 سے 4 باڈی گارڈز کا انتظام کیا جاتا تھا، تاہم اب بعض تقریبات میں یہ تعداد بڑھا کر 6 سے 7 کر دی گئی ہے۔

اداکاروں کے ساتھ کام کرنے والی ٹیلنٹ مینجمنٹ کمپنی کے سربراہ راکیش اپادھیائے نے بھارتی میڈیا کو بتایا ہے کہ سیکیورٹی اہلکاروں کی طلب میں بھی اضافہ ہوا ہے اور اب تقریبات میں شرکت سے قبل منتظمین کی ویب سائٹس، مہمانوں کی فہرست اور شرکاء کی تفصیلات بھی طلب کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اداکاروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے انتظامات پہلے سے زیادہ محتاط انداز میں کیے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ ٹائیگر شروف پر فائرنگ کا واقعہ 18 اکتوبر کو ممبئی کے علاقے جوہو میں پیش آیا تھا۔

بھارتی اداکار کی گاڑی جوہو میں ایک فٹ بال گراؤنڈ سے باہر نکل رہی تھی تو موٹر سائیکل پر سوار 3 نامعلوم افراد نے گاڑی پر کم از کم 3 گولیاں چلائیں۔

ٹائیگر شروف اس حملے میں محفوظ رہے، تاہم ان کے ڈرائیور اور ایک رکشہ ڈرائیور زخمی ہو گئے تھے۔

واقعے کی ذمے داری مبینہ طور پر لارنس بشنوئی گینگ سے منسلک افراد نے قبول کی تھی، جبکہ پولیس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔