سوناکشی سنہا کی نازیبا تصاویر بنانیوالے ملزم کی رہائی کا حکم

اداکارہ سوناکشی سنہا—فائل فوٹو

بالی ووڈ کی اداکارہ سوناکشی سنہا کی نازیبا تصاویر کے تنازع میں نیا موڑ سامنے آیا ہے۔

عدالت نے مبینہ ملزم کو پولیس کی تحویل میں دینے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے اسے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 39 سالہ اداکارہ کی شکایت پر باندرہ پولیس نے مقدمہ درج کر کے دہلی سے تعلق رکھنے والے ایک شخص آریان دیپک جین کو گرفتار کر لیا تھا۔

بعد ازاں ممبئی کی عدالت نے گرفتاری کے طریقہ کار میں قانونی خامیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے پولیس کی جانب سے ملزم کو 3 روزہ تحویل میں دینے کی درخواست مسترد کر دی اور اس کی رہائی کا حکم دے دیا۔

پولیس نے ہفتہ 14 نومبر کو مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 10 بج کر 11 منٹ پر دہلی کے علاقے شاہدرہ میں جگت پوری پولیس اسٹیشن کی حدود سے آریان دیپک کو گرفتار کیا، جس کے بعد اسے ہوائی جہاز کے ذریعے ممبئی منتقل کیا گیا۔

باندرہ پولیس نے بعد ازاں مجسٹریٹ سے ملزم کی تحویل طلب کی تاکہ اس سے مزید تفتیش کی جا سکے، تاہم مجسٹریٹ نے استفسار کیا کہ ملزم کو دہلی سے براہِ راست ممبئی لانے سے پہلے قریبی مجسٹریٹ کے سامنے کیوں پیش نہیں کیا گیا؟

میڈیا رپورٹس کے مطابق عدالت نے پولیس کی جانب سے آریان دیپک جین کو 3 روزہ تحویل میں دینے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے اس کی رہائی کا حکم دے دیا تاہم آریان دیپک کی رہائی کے باوجود پولیس کی تحقیقات جاری ہیں۔