پاکستانی آل راؤنڈر شاداب خان پر ابوظبی ٹی 10 لیگ میں امپائر کے فیصلے پر ناراضی کا اظہار کرنے پر میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ کر دیا گیا۔
شاداب خان کو جمعے کے روز شیخ زاید کرکٹ اسٹیڈیم میں یو اے ای بلز اور عربیئن ایسز کے درمیان کھیلے گئے میچ کے دوران امپائر کے فیصلے پر برہمی ظاہر کرنے پر سزا دی گئی۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب یو اے ای بلز کے بیٹر نے باؤنسر کھیلنے کی کوشش کی، تاہم گیند ان کے بلے سے نہ لگی۔
شاداب خان کا خیال تھا کہ گیند کو وائیڈ قرار دیا جانا چاہیے تھا، لیکن امپائر نے ایسا نہیں کیا، اس فیصلے پر شاداب نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے اپنا بیٹ زمین پر دے مارا اور باؤنڈری کے قریب موجود دوسرے امپائر کی جانب دیکھا۔
ٹورنامنٹ انتظامیہ کے مطابق شاداب خان نے ابوظبی ٹی 10 کے ضابطۂ اخلاق کی سطح اوّل کی خلاف ورزی کی، ان پر آرٹیکل 2.8 کے تحت امپائر کے فیصلے سے اختلاف اور ناراضی ظاہر کرنے کا الزام ثابت ہوا۔
شاداب خان نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے میچ ریفری کی جانب سے عائد کردہ جرمانہ قبول کر لیا۔