شادی کو خفیہ کس طرح رکھا؟ بیونسے نے بتا دیا

امریکی گلوکارہ بیونسے—فائل فوٹو 

معروف امریکی گلوکارہ بیونسے نے اپنی 2008ء میں ہونے والی خفیہ شادی سے متعلق دلچسپ انکشاف کیا ہے۔

بیونسے نے اپنے حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ شادی کی تقریب میں شریک بیشتر مہمانوں کو بھی معلوم نہیں تھا کہ وہ میری شادی میں شرکت کرنے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ میں نے اور جے زی نے اپنی شادی کو انتہائی نجی رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔

گلوکارہ نے بتایا کہ ہماری شادی نیویارک میں واقع گھر پر انتہائی مختصر سی تقریب میں ہوئی اور مہمانوں کو یہ بتایا گیا کہ گھر میں ایک پارٹی منعقد کی جا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ صرف والدین اور چند قریبی دوستوں کو ہی معلوم تھا کہ اصل میں شادی کی تقریب ہونے والی ہے۔

واضح رہے کہ گلوکارہ بیونسے اور گلوکار جے زی نے 4 اپریل 2008ء کو شادی کی تھی۔

اس شادی میں 40 مہمانوں نے شرکت کی تھی، جن میں بیونسے کے سابق میوزک گروپ ڈیسٹنیز چائلڈ کی ساتھی گلوکارائیں کیلی رولینڈ اور مشیل ولیمز بھی شامل تھیں۔

اداکارہ گوینتھ پیلٹرو اور گلوکار کرس مارٹن بھی تقریب میں شریک ہوئے تھے۔