بالی ووڈ کے سینئر اداکار امیتابھ بچن نے ممکنہ حملے کی سازش اور بم دھمکیوں کے درمیان سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پراسرار پیغام ’بچ گئے‘ شیئر کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی پولیس نے لارنس بشنوئی گینگ کے 2 مبینہ شوٹرز وِکاس ٹھاکر عرف وکی اور دیپک سنگھ عرف دیپ کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان دہلی کے ایک کاروباری شخص سے بھتہ خوری اور ممبئی میں امیتابھ بچن کے گھر جَلسہ پر فائرنگ کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
پولیس کو شبہ ہے کہ امیتابھ بچن کو نشانہ بنانے کی سازش کا تعلق 1984ء کے سکھ مخالف فسادات سے متعلق اداکار کے ایک مبینہ بیان سے ہے، تاہم سازش کے اصل محرکات کی تحقیقات جاری ہیں۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ امیتابھ بچن کو گزشتہ 1 ماہ کے دوران 3 مرتبہ بم حملوں کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں، پہلی دھمکی 23 اکتوبر، دوسری 6 نومبر اور تیسری 12 نومبر کو دی گئی۔
دھمکیوں میں امیتابھ بچن کی رہائش گاہ جَلسہ، ممبئی ایئر پورٹ، میئر کے دفتر، بمبئی ہائی کورٹ اور اسٹاک ایکسچینج سمیت دیگر مقامات کو نشانہ بنانے کا ذکر تھا، تینوں مرتبہ ان مقامات سے تلاشی کے دوران کوئی مشکوک چیز نہیں ملی۔
سیکیورٹی خدشات کے باعث یکم نومبر کو امیتابھ بچن مداحوں سے ملاقات کے دوران بلٹ پروف شیشے کے پیچھے نظر آئے تاہم 8 اور 15 نومبر کو انہوں نے معمول کے مطابق مداحوں سے ملاقات کی۔
دہلی پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان غیر قانونی اسلحے کی خرید و فروخت، بھتہ خوری اور دیگر جرائم میں ملوث رہے ہیں، دیپک سنگھ پر 3 اکتوبر کو امرتسر میں انسٹاگرام انفلوئنسر میڈ سندھو کے قتل میں بھی ملوث ہونے کا الزام ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس دونوں ملزمان سے بیرونِ ملک موجود گینگسٹرز، اسلحے کی فراہمی اور جرائم پیشہ نیٹ ورک سے متعلق تفتیش کر رہی ہے، ملزمان کے خلاف غیر قانونی اسلحہ رکھنے پر مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔