پسند کے کردار حاصل کرنا اب بھی مشکل، میں ان کا انتظار کرتی ہوں، ادیتی راؤ حیدری

ہندی، تامل اور تیلگو فلموں کی سینئر اداکارہ ادیتی راؤ حیدری کا کہنا ہے کہ اپنی پسند کے کردار حاصل کرنا اب بھی مشکل ہے، تاہم میں ان کا انتظار کروں گی۔ 48 سالہ اداکارہ نے کہا کہ تخلیقی دلچسپی کے مطابق کردار حاصل کرنا مشکل ہوتا ہے۔

حیدرآباد کے سابق حکمرانوں کے خاندان سے تعلق رکھنے والی ادیتی راؤ حیدری نے فلمی صنعت میں کسی فلمی پس منظر کے بغیر آنے کے اپنے تجربے پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ وہ ایسے کام کو قبول کرنے کے بجائے ان مواقع کا انتظار کرنے کو ترجیح دیتی ہیں جو حقیقتاً انہیں پسند ہوں۔

بھارتی میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا اگر میرا دل کہتا ہے کہ یہ کام کرنا چاہیے تو میں ضرور کرتی ہوں۔ میرے لیے کسی کام کے انتخاب میں ہدایت کار اور کہانی اہمیت رکھتے ہیں۔ میں ہمیشہ سے ایسی جگہ پر پہنچنا چاہتی تھی جہاں بہترین ہدایت کار مجھے اپنی فلموں میں منتخب کریں، لیکن یہ مقام حاصل کرنا آسان نہیں ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ وہ اپنی اس صورتحال کو شکایت کا سبب نہیں سمجھتیں، تاہم انہوں نے تسلیم کیا کہ فلمی صنعت میں بیرونی پس منظر سے آنے کی وجہ سے انہیں ہر نئے منصوبے کے ساتھ خود کو ثابت کرنا پڑتا ہے۔ جب میں خود کو ثابت کرنے کی بات کرتی ہوں تو اس سے میری مراد یہ ہے کہ آپ کو اپنے فیصلے پر یقین رکھنا اور اپنے مؤقف پر ڈٹے رہنا ہوتا ہے۔ 

انہوں نے کہا مجھے یقین ہے چاہے اسے اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کی کوشش کہیں یا محنت، میں اس مقام پر پہنچنا چاہتی ہوں اور میرا خیال ہے کہ میں کسی حد تک وہاں پہنچ بھی چکی ہوں۔ لیکن آج بھی ہر اگلا قدم چڑھائی چڑھنے جیسا ہے۔ 

ادیتی راؤ حیدری کی فلم پریوارک منورنجن رواں ہفتے ریلیز ہوئی ہے۔ اس میں پنکج ترپاٹھی، برجندر کالا، سنیتا راجواڑ اور مکیش تیواڑی شامل ہیں۔