عالمی شہرت یافتہ پاکستانی اداکارہ صبا قمر نے سوشل میڈیا پر اپنی شادی سے متعلق زیرِ گردش افواہوں پر دلچسپ انداز میں خاموشی توڑ دی۔
فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کرتے ہوئے اداکارہ نے دسمبر میں شادی سے متعلق وائرل خبروں کی تردید کر دی۔
انسٹا اسٹوی میں انہوں نے اپنی شادی سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے خود بھی اپنی شادی کا علم نہیں، اگر واقعی ایسا ہے تو مجھے بھی دعوت نامہ بھیجا جائے۔
اداکارہ نے بتایا کہ میرا مصروف شیڈول اس قدر بڑھ چکا ہے کہ مجھے گھر جانے اور سونے تک کا وقت نہیں مل رہا۔
صبا قمر نے طنزیہ و مزاحیہ انداز میں لکھا ہے کہ مجھے کسی نے میری ہی شادی میں ابھی تک مدعو نہیں کیا ہے، اگر یہ واقعی سچ ہے تو مجھے بھی شادی کا دعوت نامہ بھیج دیں۔
اداکارہ کے اس دلچسپ ردِعمل نے شادی سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو بظاہر ختم کر دیا، جبکہ ان کے اندازِ بیان نے اس قیاس آرائی کو بھی مزاح کا موضوع بنا دیا۔
اپنی نجی زندگی کو زیادہ تر میڈیا کی نظروں سے دور رکھنے والی صبا قمر کے تعلقات اور شادی کے منصوبوں سے متعلق مداحوں میں اکثر تجسس پایا جاتا ہے۔
اداکارہ نے اس بار بھی کسی طویل وضاحت یا باضابطہ بیان کے بجائے اپنے مخصوص مزاحیہ انداز میں افواہوں کا جواب دیا، جس پر مداح محظوظ ہو رہے ہیں۔