انڈر 19 ویمن کرکٹر نے نانی کے گھر میں خودکشی کرلی

— تصویر بشکریہ بھارتی میڈیا

بھارت کی ریاست تلنگانہ میں بی سی سی آئی انڈر 19 کی 17 سالہ خاتون کرکٹر نے مبینہ طور پر خودکشی کرلی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق انڈر 19 ویمنز کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی نندنی کی لاش ضلع ویکارآباد میں واقع ان کی نانی کے گھر سے ملی۔

اہلخانہ اور رشتے داروں نے احتجاج کرتے ہوئے 2 نوجوانوں کو اس واقعے کا ذمے دار قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ انیل اور کرشنا نامی لڑکوں کی جانب سے مبینہ ہراسانی نے نندنی کو انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور کیا۔

اہلخانہ کے مطابق انیل گزشتہ چند روز سے محبت کے نام پر نندنی کا پیچھا کر رہا تھا اور اسے ہراساں کر رہا تھا، جبکہ نندنی کے گھر والوں نے کرشنا پر انیل کی مدد کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

پولیس نے خاتون کرکٹر کے ساتھ مبینہ ہراسانی کے معاملے کی تحقیقات بھی شروع کر دی ہیں اور اس سلسلے میں نندنی کا موبائل فون فارنزک کے لیے قبضے میں لے لیا ہے۔

نندنی کے اہلخانہ اور رشتے داروں نے احتجاج کرتے ہوئے دونوں نامزد نوجوانوں کی فوری گرفتاری اور ان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد نندنی کی لاش اہلخانہ کے حوالے کردی ہے، نندنی کے والد کی جانب سے درج کرائی گئی شکایت پر پولیس نے مشتبہ موت کا مقدمہ بھی درج کرلیا ہے۔