سعود شکیل نے ٹیسٹ کرکٹ میں منفرد و ناخوشگوار ریکارڈ بنا دیا

سعود شکیل: فوٹو اے ایف پی 

پاکستان کے مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل سری لنکا کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سنچری کے قریب پہنچ کر آؤٹ ہونے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے ایک منفرد مگر ناخوشگوار ریکارڈ کا حصہ بن گئے۔

سعود شکیل نے سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 93 اور دوسری اننگز میں 97 رنز بنائے، یوں وہ ایک ہی ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں نروس نائنٹیز کا شکار ہونے والے دنیا کے صرف پانچویں بیٹر بن گئے۔

ٹیسٹ کرکٹ کی تقریباً 150 سالہ تاریخ میں یہ صرف چھٹا موقع ہے جب کوئی بیٹر ایک ہی میچ کی دونوں اننگز میں 90 سے 99 رنز کے درمیان آؤٹ ہوا ہو۔

اس سے قبل چار بیٹرز اس ناخوشگوار تجربے سے گزر چکے ہیں، جن میں ویسٹ انڈیز کے سابق عظیم کرکٹر گورڈن گرینج واحد کھلاڑی ہیں جن کے ساتھ یہ واقعہ دو مرتبہ پیش آیا۔

سعود شکیل سے قبل آخری مرتبہ سری لنکا کے مہیلا جے وردھنے اگست 2009 میں ایک ہی ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے تھے۔ انہوں نے کولمبو میں نیوزی لینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں 92 اور دوسری میں 96 رنز بنائے تھے، تاہم دونوں مرتبہ سنچری مکمل کرنے میں ناکام رہے۔

ویسٹ انڈیز کے گورڈن گرینج کے ساتھ پہلی مرتبہ یہ واقعہ مارچ 1977 میں پاکستان کے خلاف جارج ٹاؤن ٹیسٹ میں پیش آیا، جب انہوں نے پہلی اننگز میں 91 اور دوسری میں 96 رنز بنائے تھے۔

تین سال بعد فروری 1980 میں گرینج ایک بار پھر دونوں اننگز میں نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے۔ اس مرتبہ انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف کرائسٹ چرچ ٹیسٹ میں 91 اور 97 رنز اسکور کیے۔

انگلینڈ کے فرینک وولی بھی اس منفرد فہرست میں شامل ہیں۔ انہوں نے جون 1921 میں لارڈز کے میدان پر آسٹریلیا کے خلاف پہلی اننگز میں 95 اور دوسری میں 93 رنز بنائے تھے۔

ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں اس نوعیت کا پہلا واقعہ جنوری 1902 میں پیش آیا تھا، جب آسٹریلیا کے کلیم ہل انگلینڈ کے خلاف ایڈیلیڈ ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سنچری مکمل کرنے سے محروم رہے تھے۔

کلیم ہل نے اس میچ کی پہلی اننگز میں 98 اور دوسری میں 97 رنز بنائے تھے۔ ان کے مجموعی 195 رنز آج بھی ایک ہی ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں نروس نائنٹیز کا شکار ہونے والے بیٹرز میں سب سے زیادہ ہیں۔

سعود شکیل نے سری لنکا کے خلاف دونوں اننگز میں مجموعی طور پر 190 رنز بنائے، جو اس منفرد فہرست میں دوسرا سب سے بڑا مجموعہ ہے۔